بہاولپور ، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے عہدیداروں کی جانب سے بادامی باغ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت

منگل 12 مارچ 2013 16:30

بہاولپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 12مارچ 2013ء) تحریک انصاف کے ضلعی نائب صدر ریاض احمد ناجی اور تحریک انصاف کے رہنما پی پی 272سے امیدوار ملک اصغر جوئیہ نے بادامی باغ لاہور میں مسیحی برادری کی بستی جلانے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا مذہب اور آئین اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔ پنجاب حکومت بادامی باغ واقعہ کی ذمہ داری قبول کر تے ہوئے مستعفی ہو ۔

حالات خراب کرکے الیکشن کا راستہ نہیں روکا جاسکتاعوام بروقت انتخابات چاہتے ہیں کیونکہ ان کے مسائل کا حل انتخابات میں پوشیدہ ہے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بادامی باغ جیسی مکروہ اور گھناوٴنی وظالمانہ کارروائی کی اجازت دنیا کاکوئی بھی مذہب نہیں دے سکتا اورایسے واقعات ملک اور بین الاقوامی برادری میں اسلام کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں اور اس واقعہ کے مرتکب افراد نے یقیناًملک دشمنی اور اسلام دشمنی کا کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شانتی نگر سے لے کر اب تک اقلیتوں کے خلاف جتنے بھی واقعات ہوئے ہیں پنجاب حکومت نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔ عوام کے مسائل کا حل شفاف ا نتخابات میں پوشیدہ ہے اوراقتدار میں آکر دہشت گردی کا خاتمہ ، لوڈشیڈنگ ،بے روزگاری جیسے مسائل کو جڑ سے اکھاڑنا تحریک انصاف کی اولین ترجیحات ہیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں