بہاول پور:ٹماٹر،آلو،پیاز سیمت دیگر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے عوام کی چیخیں نکل گئیں

پرائس کنٹرول کمیٹیاں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے میں بری طرح ناکام ہوگئیں

جمعہ 15 نومبر 2019 23:17

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 نومبر2019ء) ٹماٹر،آلو،پیاز سیمت دیگر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں اور حکومتی پرائس کنٹرول کمیٹیاں سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کرانے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہیں جبکہ سبزی منڈیوں سمیت ہر شہر اور گاوٴْں میں کہیں بھی سبزیوں کی سرکاری قیمتوں پر فروخت کو یقینی نہیں بنایا جارہا، ٹماٹروں کی قیمت ٹرپل سنچری کو کراس کر چکی ہے اور ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سبزیوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور جان بچانے والی ادویات تک میڈیکل سٹوروں پر کئی سو گنا زیادہ قیمتوں میں فروخت ہو رہی ہیں اور نئے پاکستان میں چور بازاری و ذخیرہ اندوزی کا راج ہے جبکہ غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی ضلع بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے وفاقی وزیروں و مشیروں کی عوامی مسائل و مشکلات کے حل میں عدم دلچسپی اور سبزیوں اور پھلوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم عمران خان کے وزیروں اور مشیروں کی لاعلمی و بے خبری کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہیکہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے مارکیٹ میں سبزیوں و پھلوں کے نرخوں سے بے خبر تھے اور ایک صحافی کے سوال کے جواب میں مارکیٹ میں 300 روپے تک بکنے والے ٹماٹروں کی فی کلو قیمت 17 روپے بتاکر جگ ہنسائی کا باعث بنے اور مشیر اطلاعات نے کھیت و کھلیان میں مٹروں کی قیمت 5 روپے فی کلو کی پھبتی کس کر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جو مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان حال غریب عوام،مزدور و کسان کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں