پیپلزپارٹی اپنے عظیم قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفہ اور نظریات کی روشنی میں آئندہ انتخابات میں شاندار کامیابیاں حاصل کرے گی‘صدر ذرداری نے شہید قائدین کے فلسفے کو اپنا کر عوام کو ۵ سالہ جمہوری حکومت تحفے میں دی، پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما اور پی پی 271 سے امیدوار محمد سلیم بھٹی کی کاغذات کی منظوری کے بعد میڈیا سے بات چیت

جمعہ 5 اپریل 2013 15:57

بہاولپور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 5اپریل 2013ء ) پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما اور پی پی 271 سے امیدوار محمد سلیم بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے عظیم قائد ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفہ اور نظریات کی روشنی میں آئندہ انتخابات میں شاندار کامیابیاں حاصل کرے گی۔صدر ذرداری نے شہید قائدین کے فلسفے کو اپنا کر عوام کو ۵ سالہ جمہوری حکومت تحفے میں دی۔

وہ جمعہ کو پی پی 271 سے اپنے کاغذات کی منظوری کے بعد صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کی جماعت ہے جس نے ان جیسے لاکھوں سیاسی کارکنوں کو عزت دی وگرنہ تیسری دنیا کے پاکستان جیسے ملک جہاں جاگیردار اور سرمایہ دارگماشتوں نے عوام کو محکوم بنا رکھا ہے کسی سیاسی کارکن کا کوئی مقام نہیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو ذرداری اور صادر ذرداری کی ہدایت پر پارٹی کارکنوں کو انکا جائز مقام دیا جارہا ہے۔

اس لئے عوام کے حقوق کا تحفظ بھی صرف اور صرف پیپلز پارٹی جیسی سیاسی قوت ہی کرے گی۔سلیم بھٹی نے کہا کہ آج اس ملک کے چپے چپے میں محکوم،مظلوم اور پسے ہوئے عوام کو صرف پیپلز پارٹی کی صورت میں ہی ترقی کی امید دکھائی دیتی ہے۔جس نے ذندگی کے ہر شعبہ میں طاقت ور طبقہ کے مقابلہ میں محکوم عوام کے دلوں کی ترجمانی کی ہے۔پاکستان کا دفاع ،معاشی ترقی،نظریاتی اساس اور ادارے پاکستان پیپلز پارٹی کے شہید قائدین اور کارکنوں کے لہو سے سینچے ہوئے ہیں جنہوں نے اپنے جانوں کے نذرانے دیکر استحکام پاکستان کے لئے قربانیاں دی ہیں۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل بہاولپور کے سیکریٹری انفارمیشن محمد آصف بھارا ایڈووکیٹ،عبدالرحمٰن بابر سیکریٹری انفارمیشن سٹی بہاولپور،سجاد مغل نائب صدر بہاولپور اور دیگر موجود تھے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں