نگران حکومت شفاف الیکشن کے انعقاد اور غیر جانبداری پر یقین رکھتی ہے ، جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بہترین منصوبہ بندی کی گئی ہے،امیدواروں کے ساتھ پولیس یا انتظامیہ کی جانب سے کوئی زیادتی نہیں کی جائے گی الیکشن کمیشن کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عمل د رآمد کروایا جائے گا، وزیر داخلہ پنجاب طارق پرویز کی بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو

پیر 22 اپریل 2013 21:34

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22اپریل۔ 2013ء) صوبائی وزیر داخلہ پنجاب طارق پرویز نے کہا ہے کہ نگران حکومت شفاف الیکشن کے انعقاد اور غیر جانبداری پر یقین رکھتی ہے۔ جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے بہترین منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔امیدواروں کے ساتھ پولیس یا انتظامیہ کی جانب سے ہر گز کوئی زیادتی نہیں کی جائے گی تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق پر ہر صورت عمل د رآمد کروایا جائے گا۔

وہ پیرکو یہاں سرکٹ ہاوس بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو مل کر باہمی اتحاد کے ساتھ دہشت گردی سے نمٹنا ہوگا تاکہ ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ11مئی کو ہونیوالے عام انتخابات کے دوران امن و امان کی فضا قائم رکھنے کیلئے ضلع کی سطح پر لاحق ممکنہ خطرات کی نشاندہی کر کے انکے سد باب کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور اس سلسلے میں ضلع سے لے کر صوبہ کی سطح تک ممکنہ خطرات سے بچاؤ کی کمیٹیاں بنا ئی گئی ہیں جو کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری ایکشن لیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان کمیٹیوں کو مجموعی طور پر تین حصوں میں تقسیم کیا گیاہے۔ پہلے حصے میں مستقبل میں دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے مو ثر اقدامات کرنا دوسرے حصے میں مختلف اہم اہداف کی حفاظت کو یقینی بنا نا جبکہ تیسرے حصہ میں کسی بھی ہنگامی صورتحال یا حادثہ کی صورت میں ہنگامی حکمت عملی اختیار کر نا شامل ہے۔ آئی جی پولیس پنجاب آفتاب سلطان نے صحافیوں کو بتایا کہ اضلاع ،ڈویژن اور صوبہ کی سطح پر الیکشن کے دورن حفاظتی اقدامات کیلئے حکمت عملی تیارکر لی ہے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی جاچکی ہیں۔

جس میں تمام متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شامل کیا گیا ہے۔اس سے قبل صوبائی کا بینہ کی ذیلی کمیٹی کا ایک اعلی سطحی اجلاس صوبائی وزیر داخلہ طارق پرویز کی صدارت میں سرکٹ ہاوس بہاولپور میں منعقد ہوا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب جاوید اقبال ،آئی جی پولیس پنجاب آفتاب سلطان ،سیکرٹری داخلہ شاہد خان ،کمشنر بہاولپور حامد یعقوب شیخ ،آر پی او فاروق مظہر شیخ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کے ا نتظامات بشمول امن وامان اورحفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر داخلہ طارق پرویز نے کہا ہے کہ 11مئی کو ہونیوالے عام انتخابات کو مکمل طور پر غیر جانبدار اور شفاف کرانے کے لیے تمام تر وسائل برؤئے کا ر لائے جائیں تاکہ ووٹرز آزادانہ طور پرا پنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ امن وامان کی صورتحال کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اس بارے میں کسی غفلت یاکوتاہی کا مظاہر ہ نہ کیا جائے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مرتب کر دہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔کمیٹی کے اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن حامد یعقوب شیخ نے بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں 15قومی اور 31صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات ہوں گے اور اس سلسلے میں ڈویژن بھر میں 3ہزار 762 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن پر 35ہزار 711عملہ انتخابی ڈیوٹی سر انجام دے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈویژن بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 46لاکھ 26ہزار 20ہے انہوں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن میں 239حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ 616پولنگ اسٹیشن کو بی کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سٹاف ،ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر وریٹرنگ آفسران اورمانیٹرنگ ٹیموں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

اس موقع پر آر پی او نے بتایا کہ پولنگ کے روز امن وامان قائم رکھنے کے لیے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اورتمام پولنگ اسٹیشنز پر پولیس کا عملہ تعینات کیا جائے گا اس کے علاوہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے جائیں گے اور ڈویژن وضلع کی سطح پر مانیٹرنگ کے لیے کنڑول روم قائم کئے جائیں گے ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں