بہاولپور ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف نواحی علاقہ اڈا13سولنگ پر شٹر ڈاؤن ہڑتال ، واپڈ ا کے خلاف شدید احتجاج ، بہاولپور یزمان روڈ بلاک کر دی

پیر 22 اپریل 2013 21:35

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔22اپریل۔ 2013ء) 18سے 20گھنٹے تک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف نواحی علاقہ اڈا13سولنگ پر شٹر ڈاؤن ہڑتال اور واپڈ ا کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے بہاولپور یزمان روڈ بلاک کر دی گئی ۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر واپڈا کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف نعرے درج تھے۔ احتجاج کے دوران بہاولپور یزمان روڈ 3گھنٹے سے تک بند رہنے کے باعث عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

احتجاجی افراد رانا جاوید، محمدارشد، وحید فراز، محمدیاسین، غلام قادر، محمدیامین و دیگر نے بتایا کہ 13سولنگ اور نواحی آبادیاں کی ہزاروں نفوس پرمشتمل آباد ی میں گزشتہ کئی دنوں سے بجلی کی ظالمانہ لوڈشیڈنگ جاری ہے اور 24گھنٹوں میں سے بڑی مشکل سے 4پانچ گھنٹے بجلی آتی ہے۔

(جاری ہے)

لوگ گھروں میں پینے کے پانی تک کے لئے ترس رہے ہیں اور مساجد میں وضو کیلئے پانی نہیں جبکہ گرمی کی لہر شروع ہوچکی ہے اور بجلی نہ ہونے کی وجہ سے معصوم بچوں کا روروکربراحال ہوجاتاہے۔

مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، نگران وزیراعظم، نگران وزیراعلیٰ سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی ظالمانہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لیاجائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔ بعدازاں پولیس افسران کی جانب سے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے لئے واپڈاحکام سے بات کرنے کی یقین دہانی پر شہریوں نے احتجاج مؤخر کرتے ہوئے 3گھنٹے سے زائد بلاک روڈ کھول دی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں