ملک میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے ووٹ کا حق ضرور استعمال کیا جائے ، الیکشن 2013 ء سے عوام کو عوامی مسائل کے حل کی اہلیت رکھنے والوں کو منتخب ، بلدیاتی نظام قائم کئے بغیر جمہوریت نامکمل رہے گی،چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرفاروق احمد خان کا سیمینارسے خطاب

جمعرات 9 مئی 2013 20:42

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔9مئی۔ 2013ء) چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرفاروق احمد خان نے کہاہے کہ ملک میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے ووٹ کا حق ضرور استعمال کیا جائے ، الیکشن 2013 ء سے عوام کو موقع مل رہا ہے کہ وہ متحد ہو کر ایسے امیدوار منتخب کریں جو عوامی مسائل کے حل کے لئے جذبہ اور اہلیت رکھتے ہوں ، بلدیاتی نظام قائم کئے بغیر جمہوریت نامکمل رہے گی ۔

یزمان اور بہاولپور میں \" آواز و جواب دہی \" پر وگرام کے تحت\" میرا ووٹ اہم ہے کیونکہ میرا ووٹ مثبت تبدیلی لاسکتا ہے \" کے عنوان سے منعقدہ سمینار زسے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو ہر رجسٹرڈ ووٹر خا ص طورپر خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے ضرور جائیں اور مر د ووٹر ز نہ صرف خود ووٹ ڈالیں بلکہ اپنے خاندان کی خواتین ووٹرز کو بھی ووٹ ڈالنے کیلئے ضروری سہولیات فراہم کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا عام انتخابات عوام کو متحد ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں ۔ ووٹ ڈالتے ہوئے کسی دباؤ ، لالچ ، مصلحت ،برادری کو پیش نظر نہ رکھیں بلکہ صرف اور صرف امیدوار کی اہلیت کو معیار بنایا جائے ۔ اس مو قع پر مختلف سیاسی جماعتوں جن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 185 صاحبزادہ منور حیات عباسی ،پاکستان تحریک انصاف بہاولپور کی نمائندہ محترمہ آسیہ کامل ، ممبر آواز اور جواب دہی پروگرام اور آزا د امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی271 محمد فیاض ہاشمی المعروف شیرازی بھائی ، بہاولپور عوامی نیشنل پارٹی کے نمائندے قاری محمد اشتیاق ، تحریک انصاف یزمان کی نمائند ہ محترمہ کیھترین انجم ، مسلم لیگ ق کے ضلعی ناظم نائب صدر چوہدری اعجاز الحق ایڈووکیٹ ، پیپلز پارٹی یزمان کے تحصیل جنرل سیکرٹری بابا لیاقت علی قادری ، اشرف صادق ایڈووکیٹ ، جاوید جوش شامل ہیں اُنہوں نے ووٹ کی اہمیت پر زور دیا کہ ہمیں اپنے ووٹ کا صیح اور درست استعمال کرتے ہوئے انتخابی عمل میں اپنی فعال شرکت کو یقینی بنانا ہوگا کیونکہ ہم اپنے ووٹ کی طاقت کے ذریعے ہی پاکستان کو مستحکم کرسکتے ہیں اس کے علاوہ انہوں نے اپنی اپنی سیاسی جماعتوں کے انتخابی منشور پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے حوالے سے سہولیات کی زیادہ سے زیادہ فراہمی ا ن کے انتخابی منشور کی اہم ترین ترجیحات میں شامل ہیں ۔

سیمنار زسے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آواز اور جواب دہی پروگرام رضیہ ملک نے سیمنارز کی نقابت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں رجسٹر ڈ خواتین ووٹرز کی تعداد 3 کر وڑ 75 لاکھ 97 ہزار 415 ہے جو کل رجسٹر ڈ ووٹر ز کا 43.5 فیصد ہے ۔ اتنی بڑی تعداد کی انتخابی عمل میں شمولیت کے بغیر کیسے ممکن ہے کہ ایک خو شحال اور مستحکم پاکستان کے خواب کی تعیبر حا صل کی جاسکتی ہے ۔

ایک خاتون کے ووٹ کی بھی اتنی ہی اہمیت ہے جتنی اہمیت ایک مر د کے ووٹ کی ہے ۔ 11 مئی کو ہونے والے انتخابات میں خواتین کو بھی اپنے ووٹ کا استعمال کرنا ہے تاکہ انتخابی عمل میں خواتین بھی مر دوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کر سکیں ۔ خواتین کی فعال شرکت سے نہ صرف فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کے کردار کی اہمیت اجاگر ہوگی بلکہ سیاسی منظر نامے میں بھی خواتین کو ان کی صیح جگہ مل سکے گی ۔

خواتین میں ووٹ کی اہمیت اور اس کا شعور اجاگر کرنے کیلئے گھر کی سطح پر ماں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ایک ماں گھر کی تمام عورتوں کو ووٹ دینے پر قائل کر سکتی ہے اس کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل میں شریک سیاسی جماعتوں پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی خواتین کارکنان کو متحرک کریں کہ وہ گھر گھر جا کر خواتین کو اپنی مرضی سے ووٹ ڈالنے کی ترغیب دیں ۔سمینارز میں مسلم ،مسیحی اور ہندو برادری کے نمائندگان نے اپنے اپنے انداز میں دعائیہ کلمات ادا کئے جبکہ قومی یکجہتی کے اظہار کیلئے قومی ترانہ بھی پڑھا گیا ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں