بہاولپور‘ چڑیا گھر کے پانی میں سیوریج کا پانی شامل ‘ پانچ مور وں سمیت متعدد پرندے ہلاک ‘ درجنوں بیمار

پیر 12 اگست 2013 16:29

بہاولپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 12اگست 2013ء) چڑیا گھر میں پرندوں اور جانوروں کے پانی میں سیوریج کا پانی شامل ہونے سے پانچ مور وں سمیت متعدد پرندے ہلاک جبکہ درجنوں بیمار ہو گئے ہیں۔چڑیا گھر ذرائع کے مطابق چڑیا گھر سے ملحقہ آبادی کے سیوریج کا پانی چڑیا گھر کے پرندوں اور جانوروں کو سپلائی ہونیوالے پانی میں شامل ہو گیا اور سیوریج ملا پانی پینے سے پانچ موروں سمیت متعدد پرندے ہلاک جبکہ موروں سمیت درجنوں پرندے سیوریج ملا پانی پینے سے متاثرہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم اس سلسلے میں رابطہ پر چڑیا گھر کے ویٹرنری افسر نے موروں اور پرندوں کی ہلاکتوں کی تردید کرتے ہوئے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔جبکہ کیوریٹر ندیم قریشی کا کہنا ہے بیمار ہونیوالے موروں میں سے زیادہ تر موروں کی حالت خطرے سے باہر جبکہ دو کی حالت تشویشناک ہے جن کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ پر خصوصی توجہ دی جاری ہے۔بتایا گیا ہے کہ چڑیا گھر کے گرد سڑکوں کی تعمیر اور ملحقہ آباد ی کا گندا پانی چڑیا گھر میں داخل ہوتا ہے اور اس بارے کمشنر بہاولپور ڈویژن اور ٹی ایم او سمیت متعلقہ حکام کو چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے لیکن ا س جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے نتیجہ میں چڑیا گھر کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں