ٴْ امسال عیدالاضحی کورونا وائرس وباء کے باعث مشکل حالات میں منائی جائیگی، محمد نعیم اختر

)مشکل حالات کے باوجود عید کے دوران جامع حکمت عملی کے تحت صفائی ستھرائی کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت اکٹھا کرنے ، شہر سے باہر منتقل کرکے تلف کرنے کے لیے عید صفائی پلان مرتب کر لیا گیا ہے، چیف ایگزیکٹو

ہفتہ 25 جولائی 2020 18:50

! بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2020ء) چیف ایگزیکٹیو آفیسربہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر نے کہا ہے کہ امسال عید الاضحی کورونا وائرس کی وباء کے باعث انتہائی مشکل حالات میں منائی جائے گی۔ان مشکل حالات کے باوجود عید کے دوران جامع حکمت عملی کے تحت صفائی ستھرائی کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت اکٹھا کرنے اور شہر سے باہر منتقل کرکے تلف کرنے کے لیے عید صفائی پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے آج یہاں عید الاضحی کے پلان کو حتمی شکل دینے کے حوالہ سے کمپنی افسران کے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ عید قربان کی تعطیلات کے دوران تمام کمپنی افسران اور 900 سے زائد سینیٹری ورکرز اپنی ڈیوٹی پر پابند رہیں گے اور کسی بھی آفیسر یا سینیٹری ورکر کو چھٹی کی اجازت نہیں ہوگی تاکہ شہر میں صفائی کا معیار گذشتہ سالوں سے بہتر رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ عید قربان کے موقع پر شہر بھر کی تمام یونین کونسلوں میں40 سے زائد عید کیمپس لگائے جائیں گے جہاںمتعلقہ یونین کونسلزکے سینیٹری انسپکٹر زسمیت سینیٹری ورکرز کورونا وائرس سے بچائوکے لئے حکومتی ایس او پیزکے مطابق عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت موجود رہیں گے اور شہری اپنے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کے لیے ان کیمپس سے فری پلاسٹک بیگز بھی حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ جانوروں کی آلائشیں ودیگر فضلہ جات کوبروقت اٹھانے اور منتقل کرنے کے لیے منی ڈمپرز،ٹرالیاں،آ رم رول ٹرکس بشمول کمپکٹرز اور ڈمپر ٹرکس پر مشتمل کمپنی کی102 سے زائد گاڑیاں فیلڈ میں متحرک رہیں گی اور شہر بھر سے اکٹھا ہونے والی جانوروں کی باقیات کوحفظان صحت کے اصولوں کے تحت شہر سے دور ڈمپ کیا جائے گا ۔چیف ایگزیکٹیو آفیسرمحمد نعیم اختر نے مزید بتایا کہ کمپنی کی جانب سے عید سے قبل جانوروں کی آلائشوں کے لیے گھر گھر 1 لاکھ سے زائد فری پلاسٹک بیگز پہنچائے جائیں گے اور آگاہی پمفلٹس کے ذریعے عید پر صفائی اور کورونا وائرس سے تحفظ کا پیغام بھی پہنچایاجائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی سہولت کے لیے شہر بھر کی تمام مویشی منڈیوں میں آگاہی کیمپس لگا دیئے گئے ہیں جہاں کمپنی کی جانب سے جانوروں کی خریداری کے لیے آنے وا لوں میں ویسٹ بیگز فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے عید پلان کے حوالے سے مزیدبتایا کہ عوامی سہولت اور شکایات کے بروقت ازالہ کے لیے کمپنی آفس عید قربان کے دوران کھلا رہے گا اور ہیلپ لائن1139 مکمل طور پر فعال رہے گی جہاں کمپنی نمائندگان چوبیس گھنٹے لوگوں کی خدمت کے لیے موجود رہیں گے۔

علاوہ ازیں کمپنی نے کرونا وائرس کے پیش نظر گھرگھر ویسٹ بیگز کی فراہمی کی سہولت بھی متعارف کر دی ہے اب شہر ی کمپنی کے وٹس ایپ نمبر0341-0923089 یا کمپنی ہیلپ لائن 1139 پراپنا پتہ رجسٹر کروا کر گھر بیٹھے ویسٹ بیگز منگوا سکتے ہیں۔سی ای او کمپنی محمد نعیم اختر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر کمپنی کی اولین ترجیح شہریوں کو کورونا وائرس سے محفوظ ماحول میںصفائی کی سہولیات فراہم کرنا ہے اور اس حوالہ سے عید سے قبل ہی تمام سینیٹری سٹاف میں ہائی جین کٹس کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آلائشوں کے لیے کمپنی کی جانب سے مہیا کردہ فری ویسٹ بیگز کے گھریلو استعمال میں احتیاط برتیں کیوں کہ ان بیگز کی تیاری میں ایسے کیمیکلز استعمال ہوئے ہیں جو آلائشوں کو گلانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں اور ایک خاص مدت کے بعدیہ بیگز بھی مٹی میں تحلیل ہو جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری عید کے دوران صفائی کا بھرپور خیال رکھیں اور کورونا وائرس سے بچائو کے لیے حکومتی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوں اورکمپنی عید کیمپس سے ویسٹ بیگز کی وصولی کے دوران اور بعد ازاں بیگزورکرز کو حوالے کرتے وقت ماسک اور گلوز کے استعمال کو یقینی بنائیں اور عوامی مقامات پر سماجی فاصلہ برقرار رکھیں ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں