حکومت مخالف تحریک حکومت کے خاتمہ پر ہی ختم ہو گی،ذیشان اختر

جمعرات 22 اکتوبر 2020 21:16

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہاہے کہ حکومت مخالف تحریک حکومت کے خاتمہ پر ہی ختم ہو گی ۔ آئین میں حکومت کی تبدیلی اور خاتمہ کے تمام ذرائع موجود ہیں ۔ عمران خان حکومت نااہل ، ناکام اور عوام دشمن ہے ۔ جو حکمران غرور ، تکبر ، گھمنڈ کا شکار ہوں ، خوف خدا اور جوابدہی کا احساس ہی نہ ہو تو ملک بڑے بحرانوں سے دوچار ہوتے ہیں ۔

مہنگائی ، بے روزگاری ، افراط زر ، پیداوار ی لاگت ناقابل برداشت ہو گئی ہے ۔ زراعت ، صنعت ، تجارت کا پہیہ جام اور افراتفری کا شکار ہے ۔ ریاستی ادارے اور سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ نااہل اور ناکام حکومتو ں کا زیادہ دیر سہارا نہیں بنتی۔ اس بحران کا حل جمہوری قوتیں خود نکال لیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اتحادوں اور متحدہ اپوزیشن میں کردار ادا کیالیکن اتحادوں کے پارٹنرکسی نہ کسی شکل میں پردہ کے پیچھے ، محلاتی سازشوں کا حصہ بن جاتے رہے اور عوامی ارمانوں کا خون ہوا ۔

جماعت اسلامی ظلم و جبراور عوام دشمن نظام کے خاتمے کے لیے مسلمہ ملک گیر اپوزیشن پارٹی ہے ۔نظام مصطفیٰؐ ،اسلامی معاشی نظام کے قیام اور مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت کے خلاف جماعت اسلامی مفادات سے بالاتحریک چلائے گی ۔ عوام کو قائل کریں گے کہ آزمائے مہروں کو مسترد کریں ۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے جماعت اسلامی کی ملک گیر منظم ، بااعتماد اور امانت و دیانت کے پیکر کارکنان کی طاقت پر اعتماد کریں ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں