کنٹینر گردی سے جمہوری جدوجہد نہیں ر ک سکتی،جیالے اپنا یوم تاسیس بھر پور انداز سے منائیں گے، محمدسلیم بھٹی

پی ڈی ایم ملتان کا جلسہ روکنے کیلئے نشئیوں نے شہر بھر کی سڑکوں کو کنٹینروں سے یرغمال بنانا شروع کردیا ہے،چور راستے سے آنیوالے عوامی جمہوری سیاست سے خوفزدہ ہیں، رہنماء پیپلز پارٹی

جمعہ 27 نومبر 2020 17:43

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب محمدسلیم بھٹی نے کہا ہے کہ کنٹینر گردی سے جمہوری جدوجہد نہیں ر ک سکتی،جیالے اپنا یوم تاسیس بھر پور انداز سے منائیں گے، پی ڈی ایم ملتان کا جلسہ روکنے کیلئے نشئیوں نے شہر بھر کی سڑکوں کو کنٹینروں سے یرغمال بنانا شروع کردیا ہے،چور راستے سے آنیوالے عوامی جمہوری سیاست سے خوفزدہ ہیں۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ جدوجہد اور قربانیوں سے عبارت ہے،53 سال پہلے ذوالفقار علی بھٹو نے سامراجی آمریت کے خلاف جس مزاہمتی سیاست کی بنیاد رکھی تھی بھٹو شہید کے جیالے آج بھی اسی جوش اور جذبے سے فاشسٹ استعماری قوتوں کے خلاف جدوجہد کیلئے بلاول بھٹو کی قیادت میں پر عزم ہے،جنوبی پنجاب کے عوام ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسہ میں شرکت سے ثابت کردیں گے کہ بھٹو کی آواز آج بھی عوام کے دلوں میں گونج رہی ہے۔

(جاری ہے)

سلیم بھٹی نے کہا کہ ہم کسی گرفتاری،مقدمے اور کنٹینر سے ڈرنے والے نہیں،عوام کا جم غفیر اپنے سیاسی جمہوری حقوق استعمال کرتے ہوئے ہر آمریت دیوار کو گرا دے گا۔کوکینی نشئی اپنے اقتدار کا سورج ڈھلتا ہوا دیکھ کر بوکھلا گئے ہیں۔ملک بھر کے طول وعرض میں غیور عوام غاصب حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی کے ہاتھوں بھوکے مررہے ہیں،روٹی،کپڑا اور مکان غریب کیلئے خواب بن گیا ہے۔

سرکاری اسپتال غریب مریضوں کا علاج کرنے کی بجائے حکمرانوں کا پیٹ بھرنے کیلئے پیسے بٹورنے پر لگ گئے ہیں،مفت علاج کی بجائے موت عوام کا مقدر بنادی گئی ہے۔سرکاری سرپرستی میں لوٹے اور لٹیرے حکمران جلسے کررہے ہیں تو اپوزیشن سیاسی کارکنوں کو ایس او پیز کے تحت جلسہ کیوں نہیں کرنے دیا جارہا۔ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ اور ان کے گھروں پر بلا وجہ چھاپے مار کر خوف وہراس پیدا کیا جارہا ہے۔ہم ایسے غیر سیاسی غیر آئینی اقدامات کی بھرپور مزمت کرتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی مقدمات ختم کر کے راستے میں حائل تمام کنٹینر ہٹا کر عوام کو آذادانہ اور آسانی سے جلسہ میں شرکت کرنے دیا جائے۔وگرنہ نتائج کی ذمہ دار حکمران خود ہونگے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں