ڈہرکی ٹرین حادثہ : مختلف اسٹیشنوں پر رکی ٹرینوں کے مسافروں کیلئے الخدمت فائونڈیشن کے رضا کار کھانا اور پانی لیکر پہنچ گئے

منگل 8 جون 2021 23:04

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2021ء) ڈہرکی ریلوے حادثے کے بعد مختلف اسٹیشنوں پر رکی ہوئی ٹرینوں کے مسافروں کے لیے الخدمت فائونڈیشن کے رضا کار کھانا اور پانی لیکر پہنچ گئے ۔بہاول پور ریلوے اسٹیشن پر الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے مسافروں میں کھانا جوس کے پیکٹس اور پانی کی بوتلیں تقسیم کی گئی اس موقع پر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے نائب امیر سید ذیشان اختر ،الخدمت فائونڈیشن بہاول پور کے ضلعی صدر چوہدری احسان اللہ ،نائب صدر سید مقصود الحسن بخاری اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے ۔

سید ذیشان اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈہرکی حادثہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دل دہل گیا، لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ قومی اداروں کی حالت زار سب کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

ریلوے سمیت ہر انسٹی ٹیوشن اور پبلک یوٹیلیٹی ٹریک سے اتر چکی ہے، یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ پورا نظام ہی ہچکولے کھا رہا ہے۔ہربات پر مغرب کی مثالیں دینے والے وزیراعظم سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگرڈہرکی جیسا حادثہ یورپ یا امریکہ میں ہوتا تو کون کون استعفے دیتے۔

سب جانتے ہیں کہ اب ایک کمیٹی بنے گی جو تحقیقات کے نام پر دراصل نااہلی کے ملبے کو ڈھاپنے کی کوشش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ایسی ناگہانی صورتحال میں حکومت آگت بڑھ کر ریلیف کا کام کیا جاتا مگر حسب معمول پاکستان کی عوام خود نکلے ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت مسافروں کی مدد کی ہے ۔الخدمت فائونڈیشن جس کا طرہ امتیاز رہا ہے جب بھی کوئی ناگہانی صورتحال پیش آتی ہے الخدمت فائونڈیشن سب سے پہلے مدد کے لیے پہنچتی ہے اور بلا تفریق سب کی مدد کرتی ہے الخدمت فائونڈیشن کے رضا کاروں مختلف ریلوے ٹریک پر جہاں حادثہ کے بعد ٹرینیں رکی ہوئی تھیں کھانا پانی ،ادویات لیکر پہنچے اور مسافروں کی خدمت کی ۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں