سیکرٹری اطلاعات پیپلزپارٹی بہاولپور ڈویژن کا ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار

منگل 8 جون 2021 23:04

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جون2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے گزشتہ روز ڈہرکی اور ریتی کے درمیان سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کے ہولناک تصادم کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور درجنوں مسافروں کے شدید زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اس المناک سانحہ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کے سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔

انہوں نیکہاکہ ریل کی تاریخ یہ واحد حادثہ ہے جو نااہل حکمرانوں اور ریلوے حکام کی دانستہ غفلت اور لاپرواہی کا نتیجہ ہے کیونکہ ڈی ایس ریلوے سکھر ڈویژن اپنی حدود میں اس ریلوے ٹریک کے ناقابل استعمال ہونے کی تحریری نشاندہی اور خبردار و ہوشیار ہونے کی رپورٹ 1 ماہ قبل وزارت ریلوے و دیگر اعلی حکام کو بجھوا چکے تھے اس لیے وفاقی وزیر ریلوے اور وفاقی سیکرٹری ریلوے و جنرل منیجر آپریشن ریلوے اس المناک حادثہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کہ قومی اسمبلی میں ریلوے کی قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے جیالے ممبر رمیش کمار کے اس متاثرہ ٹریک کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات کے بعد تو اس غفلت و لاپرواہی کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف قتل کے مقدمات بھی درج ہونے چاہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران نیازی ماضی میں ڈی چوک پر کھڑے ہو کر ریلوے حادثہ کی ذمہ داری وزیر ریلوے پر ڈالنے کے ساتھ مستعفی ہونے کا درس دیا کرتے تھے اور اب وہ اپنے چہیتے وفاقی وزیر ریلوے کو برطرف کرکے اوپر سے نیچے کی طرف احتساب کی منفرد و عملی مثال قائم کریں۔

علاوہ ازیں ملک شاہ محمد چنڑ نے ارباب اختیار سے ہلاک شدگان کے لواحقین اور زخمیوں کو فوری معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے اور عدالت عظمی سے اس المناک ریل حادثے پر ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں