لاہور،کمسن گھریلو ملازم کو قتل کرنیوالا مرکزی ملزم عامل نکلا، بہاولپور سے گرفتار

جمعہ 15 جولائی 2022 21:57

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2022ء) لاہور کے علاقے ڈیفنس میں تشدد سے ہلاک 9 سالہ گھریلو ملازم کامران کے قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔سی سی پی او لاہور بلا ل کمیانہ کے مطابق بچے کے قتل کے مرکزی ملزم ابوالحسن کو بہاولپور سے گرفتار کر لیا گیا ، ملزم مقتول بچے کی 13 سالہ بہن منیبہ سے شادی کرنا چاہتا تھا ، ملزم کے قبضے سے مقتول بچے کی بہن کو بھی بازیاب کروا لیا گیا ۔

بلال کمیانہ کے مطابق ملزم عامل ہے اور اس نے مغلپورہ میں آستانہ بنا رکھا تھا جبکہ متاثر ہ بچوں کا والد عرفان ملزم کا مرید ہے، ملزم نے عرفان کے دو بیٹوں کو اپنے والد کے پاس ملازم رکھوایا اور شادی کیلئے لڑکی کے دونوں بھائیوں کو اپنے والد کے گھر سے بلا لیا،گرفتار ملزم ابوالحسن نے پولیس کو دئیے گئے بیان میں بتایا کہ کامران نے میری الماری سے پیسے چٴْرائے اس لیے اس پر تشدد کیا اور دونوں بچوں کی حالت خراب ہونے پر مرید رکشہ ڈرائیور کے ذریعے والد کے گھربھیجا جبکہ بچوں کی حالت غیر ہونے پر والدین دونوں بچوں کو ہسپتال لے کرگئے۔

(جاری ہے)

ملزم نے بتایا کہ وہ مرنے والے بچے کی بہن منیبہ سے شادی کرنا چاہتا تھا، بچوں کے والد نے عید کے بعد شادی کرانے کا وعدہ کیا تھا،دوسری جانب ایس پی حمزہ امان کا کہنا ہے کہ ملزم آئس کا نشہ کرتا ہے اور منشیات کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے، ملزم نے نشے میں دونوں بھائیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس نے ملزم کے دو ساتھیوں رکشہ ڈرائیور احمد اور نوید کو بھی گرفتار کر لیا اور واقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں