ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بہاولپور ڈویژن میں عید الاضحیٰ 2025 صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا ،کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں

بدھ 11 جون 2025 22:22

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے کہا ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے بہاولپور ڈویژن میں عید الاضحیٰ 2025 صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کرلیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘کے تحت مثالی صفائی کو یقینی بنایا گیا۔ یہ بات انہوں نے کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں پریس بریفنگ کے دوران بتائی۔

انہوں نے کہا کہ بہاولپور شہر اور ڈویژن بھر میں صفائی کا بڑا چیلنج مربوط حکمتِ عملی سے حل کیا گیاااور جانوروں کی باقیات ماحول دوست طریقے سے تلف کرنے کے لیے ڈویژن بھر میں 50 سے زائد ڈمپ سائٹس مختص کی گئی تھیں۔کمشنر بہاولپور ڈویژن نے بتایا کہ عید الاضحیٰ سال کا میگا ایونٹ ہے جس کے لیے بہترین لائحہ عمل سے کامیاب آپریشن مکمل گیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے بتایا کہ11,000 سے زائد عملہ، افسران، انسپکٹرز، ڈرائیورز اور ورکرز نے شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں صفائی کی خدمات سر انجام دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بہاولپور شہر میں کمپنی نے براہِ راست جبکہ دیگر اضلاع میں نجی کنٹریکٹرز نے صفائی انجام دی اورشہریوں میں مفت ماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کیے گئے، بہاولپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 15 لاکھ بیگز تقسیم کیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق نے بتایا کہ شہریوں کو تعفن سے بچاؤ اور خوشگوار ماحول کی فراہمی کے لیے سڑکوں گلیوں پر فنائل اور عرق گلاب سے چھڑکاؤ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے پریس بریفنگ میں بتایا گیا کہ عید کے دوران بہاولپور میں 30 اور ڈویژن بھر میں 397 عید سروس کیمپس قائم کیے گئے، آلائشوں کی تلفی کے لیے بہاولپور ڈویژن میں 2,900 گاڑیاں متحرک رہیں، بہاولپور ڈویژن سے مجموعی طور پر 35,978 ٹن ویسٹ اور جانوروں کی باقیات اٹھائی گئیں، صفائی آپریشن عید سے ایک روز قبل شروع ہوا اور ڈویژن سے 4243 ٹن ویسٹ اٹھا کر زیرو ویسٹ لیول پر لایا گیا، بہاولپور شہر سے 3359 ٹن، تحصیلوں سے 11045 ٹن، ڈسٹرکٹ بہاولنگر سے 7819 ٹن،ڈسٹرکٹ رحیم یار خان سے 12869 ٹن آلائشیں منتقل کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہیلپ لائن 1139، ستھرا پنجاب ایپ اور دیگر ذرائع سے 2246 شکایات موصول ہوئیں جن کابروقت ازالہ کیا گیا، جن میں بہاولپور شہر سے 321، ضلع کی تحصیلوں سے 1041، بہاولنگر سے 793، رحیم یار خان سے 174 شکایات درج ہوئیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں