پولیو مہم کی کامیابی کے لئے ہر فرد کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ،اگر ہم نے اپنے بچوں کو اپاہج ہونے سے بچانا ہے تو ہر بچے کو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے تعاون کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر شاہد خلیق

جمعرات 10 ستمبر 2015 20:21

بہاولپور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء ) ای ڈی او ہیلتھ بہاولپور ڈاکٹر شاہد خلیق نے کہا ہے کہ پولیو مہم کی کامیابی کے لئے ہر فرد کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ،اگر ہم نے اپنے بچوں کو اپاہج ہونے سے بچانا ہے تو ہر بچے کو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے تعاون کرنے کی ضرورت ہے، بڑی بڑی کوٹھیوں میں مقیم افراد کو پولیو ویکسی نیشن ٹیموں کا خیر مقدم کرنا چا ہئیے کیونکہ یہ ٹیمیں صرف اور صرف ان کے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لئے ان کے دروازے پر جاتی ہیں، پولیو ٹیمیں بچوں کو قطرے نہیں پلاتیں یا کوئی ان کے کام میں مداخلت کا مرتکب ہوتا ہے تو گویا انہوں نے دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ۔

وہ جمعرات کو چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے زیر اہتمام" سب سے پہلے عوام" پروگرام کے سلسلے میں بنیادی ضروریات بارے منعقدہ ڈائیلاگ کی نشست سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی کے لئے صرف محکمہ صحت ہی کافی نہیں بلکہ عوام کو بھی آگے آنا ہو گا ۔ جہا ں جہاں پولیو ٹیمیں نہ پہنچیں محکمہ صحت کو آگاہ کیا جائے تاکہ پولیو ٹیموں کو بھجوایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے جس کے لئے محکمہ صحت بہاولپور ہمہ وقت تیار رہتا ہے۔ قبل ازیں چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے ایگز یکٹو ڈائر یکٹر فاروق احمد خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ صحت اﷲ تعالیٰ کی نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے۔ریاست کا فرض ہے کہ وہ تمام شہریوں کو بلا امتیاز صحت،تعلیم اور انصاف سمیت تمام حقو ق ادا کرے جبکہ عوام کا بھی فرض ہے کہ وہ ریاستی اداروں کی اچھی کارکردگی کو سراہیں اور غلطیوں کی مثبت انداز میں نشاندہی کر یں۔

انہوں نے کہاکہ دیہی علاقوں میں عوامی مسائل حل کرنے کے لئے ریاستی اداروں کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ بہاولپور ڈاکٹر ذاکر علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران بہاولپور ضلع میں 14 سے 16 ستمبر کے تین دنوں میں پولیو ٹیمیں گھر گھر پہنچیں گی اور 5 سال کے لگ بھگ6 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف پورا کیا جائے گا ۔

اس سلسلے میں 1030 موبائل ٹیمیں کام کریں گی جبکہ بی وی ہسپتال ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ز،ہسپتال ،رورل ہیلتھ سنٹراور ڈسپنسریز میں 147 مقامات پر ویکسین دستیاب ہو گی ۔ اس کے علاوہ بس اسٹینڈ ز،ریلوے اسٹیشن اور ٹول پلازوں پر بھی 106 ٹیمیں پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے موجود رہیں گی۔ شوکت جاوید ریسکیو سیفٹی آفیسر 1122 بہاولپور نے کہا کہ ریسکیو 1122کا یونین کونسل کی سطح پر آغاز کیا جا رہا ہے اور یہ سروس نہ صرف حادثہ متاثرین کی امداد کرتی ہے بلکہ یہ حادثات سے بچاؤ کے لئے بھی تدابیر کرتی ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف ضرورت کے وقت ہی ریسکیو 1122کو کال کریں۔ مولانا مفتی جاوید مصطفی نے کہا کہ تندرستی ہزار نعمت ہے ۔ اﷲ تعالیٰ پاک رہنے والوں سے پیار کرتا ہے اور خدمت خلق کرنے والوں کو عزیز رکھتاہے ۔معاشرے کا ہر فرد اپنی ذمہ داریاں ادا کرے تو تمام مسائل حل کئے جا سکتے ہیں ۔ مولانا مفتی سید محمد اسد اسعدی نے کہا کہ فرمان نبویؐ ہے کہ ہم میں بہتر وہ ہے جو لوگوں کو نفع دے ۔

اگر ہم اپنے طرز عمل کو حضوراکرمؐ کے عمل کے مطابق کرلیں تو ظاہری اور باطنی علاج میسر آئے گا۔اگر کھانے سے پہلے ہاتھ دھو لیے جائیں تو کئی بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔کم کھانا اور کم سونا صحت کا ضامن ہے۔چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کی ڈائر یکٹر پروگرام رضیہ ملک نے نظامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو پولیو ااور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں والدین کا بہت اہم کردار ہے۔بچوں کی صحت و صفائی کا خاص خیال رکھنا چاہیے اور پولیو سمیت تمام بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ٹیکے بھی بر وقت لگوانے چاہئیں۔ڈائیلاگ میں مختلف یونین کونسلز سے خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں