اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو زندگی ، دعاؤں کے ثمر کے طور پر عطا فرمائی ہے، ملک اللہ بخش

،خلوصِ دل سے مانگی جانے والی تمام دعائیں شرفِ قبولیت پاتی ہیں۔ اپنے رب سے ہمیشہ دعا کرتے رہیں کہ وہ ہمیں دو جہانوں میں سر خرو فرمائے، ادبی نشست سے خطاب

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 22:16

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء)اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو زندگی ، دعاؤں کے ثمر کے طور پر عطا فرمائی ہے۔ خلوصِ دل سے مانگی جانے والی تمام دعائیں شرفِ قبولیت پاتی ہیں۔ اپنے رب سے ہمیشہ دعا کرتے رہیں کہ وہ ہمیں دو جہانوں میں سر خرو فرمائے۔ ان خیالات کا اظہار مدینہ منورہ میں گزشتہ تین دہائیوں سے مقیم پاکستانی مصنف ملک اللہ بخش کلیار نے بہاول پور رائیٹرز فورم کے زیر اہتمام منعقدہ ادبی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مصنف نے نبی محترم آقاء نامدار محمد مصطفی احمد مجتبیٰ حضور صل اللہ علیہ و آلہ وسلم کی عطا کردہ دعاؤں کا مجموعہ” مستجاب دعائیں“ اور قرانِ حکیم سے ماخوذ مترجم آیات پر مبنی کتاب ”اسرارِ دل“ پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اصرار کیا کہ ایمان کی قوت کے لئے اظہارِ زبان کے ساتھ ساتھ اقرار قلب سے بھی ادا ہونا ضروری ہے جس کی ہدایت رب ذوالجلال خود فرماتے ہیں ۔

(جاری ہے)

جو کامل ایمان کی ضمانت اور کامیابی کا معیار ہے۔ واضح رہے کہ مصنف ملک اللہ بخش کلیار کا تعلق بہاول پور کی زرخیز مٹی سے ہے جس کا اظہار وہ اپنے مثالی ادبی سفر میں نہایت خوشی کے ساتھ کرتے ہیں۔معروف دانشور و کالم نگارملک حبیب اللہ بھٹہ نے مصنف کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ ایسی ادب کی تصنیف و تالیف چراغِ راہ ہے جو ہمیں فی زمانہ بھٹکنے سے محفوظ رکھتا ہے۔

ڈاکٹر منصور باجوہ نے اس موقع پر قرآن کو راہِ ہدایت و نجات سے تعبیر کیا کہ اس سے جُڑی ہوئی ہر تحریر انسانیت کی فلاح و سلامتی کا باعث ہے۔ سینئر صحافی سعید احمد نے مذکورہ تصانیف کو عظیم ادبی و اصلاحی سرمایہ قرار دیا جبکہ نصیر ناصر نے مصنف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس نیک علمی و ادبی کام کو جاری رکھنے کی توقع ظاہر کی۔ اسی طرح مرزا عارف، انور گریوال اور راجہ شفقت نے موصوف کی دینی و علمی خدمات سے مستفید ہونے پر اصرار کیا۔

اس تقریب میں اعجاز احمد قریشی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علم و آگہی سے منور ایسی تحریریں دین اسلام کا روشن چہرہ دنیا کو دکھا کر امن و سلامتی کا پیغام دیا جانا چاہیے۔تقریب کے میزبان ریذیڈنٹ ڈائریکٹر بہاولپو ر آرٹس کونسل ریاض الحق بھٹی نے کہا کہ تمام قلم کار، رب کی عطا کردہ امانت کے امین ہیں وہ اپنی تحریروں میں ملک اللہ بخش کلیار جیسے تحقیقی و فکری عمل کو آگے بڑھائیں تاکہ نوجوان نسل کو گمراہی سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بہاول پور کی خوش قسمتی ہے کہ اس دھرتی کے سپوت نے دیارِ حبیب صل اللہ علیہ و آلہ وسلم میں رہتے ہوئے قران و حدیث کے پیغام کو عام کرنے کے لئے قلم اٹھا کر حقِ تحریر ادا کیا ہے۔ بہاول پور رائیٹرز فورم کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں حاجی ریاض احمد، ملک نذیر احمد، زاہد حسین ، سید انجم معین بلے، مسعود اقبال، احمد عبدالرشید اور وحید قاسم سمیت دیگر احباب نے شرکت کی۔ فورم کا آئندہ اجلاس اکتوبر کے دوسرے ہفتہ میں منعقد ہو گا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں