ملکی ترقی اور امن کے فروغ کے لیے دینی مدارس کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا‘ علماء

جمعہ 20 نومبر 2015 15:33

بہاول نگر( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 نومبر۔2015ء) ملکی ترقی اور امن کے فروغ کے لیے دینی مدارس کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، مدارس کی آزادی پر قدغن برداشت نہیں،کوئی جبر ہمیں قرآن و سنت و اسلامی اقدارسے نہیں روک سکتا۔ ان خیالات کا اظہار جامع العلوم عید گاہ بہاول نگر میں وفاق المدارس العربیہ سے ملحق مدارس کے علمائے کرام، مہتممین کے نمائندہ اجلاس سے معروف روحانی شخصیت شیخ الحدیث مولانا جلیل احمد اخون ،ضلعی مسئول وفاق المدارس مولانا معین الدین وٹونے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کسی مدرسہ میں بد امنی کا درس نہیں دیا جاتا۔ بلکہ ان اداروں نے ہمیشہ ملک سے محبت کا درس دیا ہے۔ مدارس اور ان میں زیر تعلیم لاکھوں طلبہ ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہاولپور میں جنوبی پنجاب کے مدارس کا 26 نومبر کو سمینار اہل مدارس کی اخوت اور کسی بھی جبر کے لئے واضح پیغام ہوگا، جس میں قائدین وفاق مولانا سلیم اللہ خان، مولانا حنیف جالندھری، ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر خطاب کریں گے۔

اس سلسلے میں ضلع بہاول نگر کے تمام مدارس بھرپور شرکت کریں۔ضلعی عمائدین نے اجلاس میں شریک علماء کرام کو تقوی ،اخلاص اور اکابر پر اعتماد کی خصوصی تلقین کی ۔اس موقع پر وفاق المدارس کی جانب سے مدارس کانیا الحاق نامہ، کوائف نامہ فراہم اور بہاولپور سیمنار میں شرکت کے لئے انتظامی کمیٹی بھی قائم کی گئی۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں