لوگوں کی صحت کا خیال ا ور ماحول کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے،عامر ارشاد رحمانی

جمعرات 12 مئی 2016 15:34

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 مئی۔2016ء) بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ اور محکمہ تحفظ ماحولیات بہاول پور کے زیر انتظام بہاولپور کی پہلی جدید سائنٹفک لینڈفل سائیٹ کے قیام اوراس کے ماحولیاتی جائزے کی منظوری کے لئے بھنڈا داخلی کے قریب عوامی شنوائی کی تقریب منعقد ہوئی ،تقریب کا مقصد لینڈ فل سائٹ کے قریبی آبادیوں میں رہنے والے لوگوں کے خدشات اور تحفظات کو دور کرنا تھا۔

تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ محمد نعیم اختر ،ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ تحفظ ماحولیات عامر ارشاد رحمانی ،ڈسٹرکٹ آفیسر جنگلات محمد شاہد، کنسلٹنٹ برائے لینڈ فل سائٹ ڈاکٹر سلطان ، مینجمنٹ،وکلا ء،سول سوسائٹی کے نمائندگان اور اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی او محکمہ تحفظ ما حولیات عامر ارشاد رحمانی نے کہا کہ عوامی شنوائی کا مقصدرہائشیوں کے ذہنوں میں لینڈ فل سائیٹ کے حوالے سے موجود خدشات کو دور کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی صحت کا خیال ا ور ماحول کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اگر اس ضمن میں کسی کو بھی پریشانی کا سامنا ہے تو محکمہ تحفظ ما حولیات ان کی بھرپور رہنمائی کرے گا۔ کنسلٹنٹ برائے لینڈ فل سائیٹ ڈاکٹر سلطان نے تقریب کو لینڈ فل سائیٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس لینڈ فل سائیٹ کی تعمیر جدید سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر کی جائے گی جس سے نہ صرف علاقے کی قریبی آبادیوں میں رہنے والے لوگوں کی صحت منفی اثر ات سے محفوظ رہے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ لینڈ فل سائیٹ 2 سال کے قلیل عرصے میں پایہ تکمیل کو پہنچے گی اور اس پراجیکٹ سے مقامی آبادیوں کو بھی روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔منیجنگ ڈائریکٹر بی ڈبلیو ایم سی محمد نعیم اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید لینڈ فل سائیٹ پراجیکٹ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے بہاولپور کے شہریوں کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں اور اس پراجیکٹ کی منظوری شہباز شریف کا جنوبی پنجاب میں رہنے والے لوگوں سے والہانہ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے بعد بہاولپور پاکستان کا دوسرا شہر ہے جہاں جدید سہولیات سے آراستہ لینڈفل سائیٹ پراجیکٹ کی منظوری دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں