کاشتکاردھان کی کاشت کیلئے زمین خشک طریقے سے تیار کریں،محکمہ زراعت پنجاب بہاول پور

ہفتہ 28 مئی 2016 21:29

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 مئی۔2016ء ) دھان کے کاشتکار گندم کی برداشت کے بعد فارغ کھیتوں میں بارش کے وتر کو استعمال کرتے ہوئے دھان کی کاشت کیلئے زمین خشک طریقے سے تیار کریں، محکمہ زراعت پنجاب بہاول پورکے ترجمان کے مطابق موسمی تغیر و تبدل سے درجہ حرارت میں اُتار چڑھاؤ اور ممکنہ بارشوں کی وجہ سے موسم بہار اور خریف کی فصلوں کی بالترتیب پیداوار اور کاشت متاثر ہوسکتی ہے ۔

کاشتکار موسمی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کاشتہ اور زیر کاشت فصلوں پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے بتایا کہ دھان کے کاشتکار گندم کی برداشت کے بعد فارغ کھیتوں میں بارش کے وتر کو استعمال کرتے ہوئے دھان کی کاشت کے لیے زمین خشک طریقے سے تیار کریں اور لیزر لیولر کے ذریعے غیر ہموار کھیتوں کو ہموار کریں،کھیتوں کے بند مضبوط کریں ، جڑی بوٹیوں کی موثر تلفی پر خصوصی توجہ دیں اور دھان کی موٹی اور ہائبرڈ اقسام کی پنیری کی کاشت 20مئی سے شروع کریں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ مارچ میں تاخیرسے کاشتہ مکئی کو جو اب بُور آنے اور عمل زیرگی کے مراحل میں ہے4سے5 دن بعد یا ہفتہ میں دوبار پانی ضرور لگائیں تاکہ عمل زیرگی متاثر نہ ہواور پیداوار میں کمی نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت جاری ہے اور ممکنہ بارشوں کے باعث موسم میں نمی بڑھنے سے کپاس کی کاشتہ فصل پر رس چوسنے والے کیڑوں خصوصاََ چست تیلے کا حملہ بڑھنے کا خطرہ ہوتا ہے لہٰذاکپاس کے کاشتکار کاشتہ فصل پر خصوصی توجہ دیں اور رس چوسنے والے کیڑوں کے لیے ہفتہ میں دو بار پیسٹ سکاؤٹنگ کریں اور اگر کیڑوں کی تعداد نقصان کی معاشی حد سے زیادہ ہو تو محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے سفارش کردہ زہر کا سپرے کریں۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں