مستقبل میں ڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتی ، بسمہ قریشی

کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جبکہ رٹہ سسٹم کی وجہ سے تعلیمی نظام تباہ حالی کا شکار ہے، بہاولپور تعلیمی بورڈ میٹرک میں اول پوزیشن حاصلکرنے والی طالبہ کااظہار خیال

بدھ 20 جولائی 2016 20:43

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 جولائی ۔2016ء) بہاولپورتعلیمی بورڈ میٹرک رزلٹ 2016ء میں اوورآل پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ بسمہ قریشی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر بن کر ملک و قوم کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ جبکہ رٹہ سسٹم کی وجہ سے تعلیمی نظام تباہ حالی کا شکار ہے۔

بسمہ قریشی نے کہا کہ عبدالستارایدھی کا بچھڑ جانا بہت بڑا نقصان ہے لگتا نہیں کہ آئندہ ہمارے ملک میں انسانیت کی خدمت کرنے والی کوئی ایسی شخصیت دوبارہ آسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہونہار طلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی، انہیں انعامات سے نوازنا حکومت کی اچھی کاوش ہے جو کہ قابل ستائش ہے۔ اوورآل دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ عفیفہ لطیف کا کہنا تھا کہ بورڈ میں مجموعی طورپر دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں آرمڈ فورسز میں بطور ڈاکٹر ملک و قوم کی خدمت کرناچاہتی ہوں۔ اوور آل تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم محمداویس بن عبدالمالک کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے ، انہوں نے بتایا کہ تعلیمی نظام کی سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ بچوں کے Conceptکلیئر نہیں ہوتے۔ انہوں نے بتایاکہ مستقبل میں ڈاکٹر کر بن عبدالستارایدھی کی طرح دکھی انسانیت کی خدمت کاجذبہ رکھتاہوں۔

اوورآل تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ سوہاطارق نے کہا کہ پیپرمارکنگ سسٹم میں بہتری کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک کرپشن ملک کا سب سے بڑامسئلہ ہے ، کرپشن کاخاتمہ کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ سوہا طارق نے اپنے پیغام میں طلباء وطالبات سے کہا کہ وہ اساتذہ اور اپنے والدین کی عزت کریں باادب بانصیب اور بے ادب بے نصیب۔

انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر بنناچاہتی ہیں۔ اوورآل تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ عرزاعلی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی سہولتوں کا فقدان ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ڈاکٹر بن کر غریب عوام کو مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کروں گی۔ سائنس گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے محمدسعد علی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ نااہل سیاست دانوں کی وجہ سے ہمارا ملک ترقی نہیں کررہا۔

انہوں نے کہا کہ پیپرچیکنگ کامعیار اچھا نہیں ہے جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ سائنس گروپ بوائز میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے محمدحارث کا کہنا تھا کہ کرپشن ہمارے ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے جس کے خلاف سخت احتساب کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا معیار تعلیم اِس قدر اچھا ہوناچاہیے کہ لوگ سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کو ترجیح دیں۔

سائنس گروپ بوائز میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے رامش احتشام کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ڈاکٹربن کر غریبوں کا مفت علاج معالجہ کرنے کا عزم ہے۔ آرٹس گروپ بوائز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم غلام دستگیر نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں پولیس میں بھرتی ہوکر غریب عوام کوانصاف فراہم کروں گا، انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو انصاف نہیں مل رہا۔

سرکاری سکولوں میں سہولیات کی کمی بڑا مسئلہ ہے، پیپرچیکنگ سسٹم کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ آرٹس گروپ بوائز میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم مزمل حسین نے کہا کہ وہ عالم دین بن کر مسلم اُمہ کی خدمت کرنے کاجذبہ رکھتے ہیں۔ آرٹس گروپ بوائز میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم محمدزبیر مدنی نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں پروفیسر بن کر طلباء کی رہنمائی کرناچاہتا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کرپشن ملک کا سب سے بڑامسئلہ ہے ۔ آرٹس گروپ گرلز میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ عائشہ اسلم کا کہنا تھا کہ وہ ایم اے تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد بطور ٹیچر اپنا کیرئیر شروع کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ آرٹس گروپ گرلز میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ عائشہ حبیب کا کہنا تھا کہ دہشت گردی نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں سہولتوں کا فقدان ہے۔ حکومت کو سرکاری سکولوں کی حالت زار بہتر کرنے پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آرٹس گروپ گرلز میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ اقراء بی بی کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل میں ٹیچر بن کر اپنے علاقے کے غریب طلباء بالخصوص طالبات کو پڑھانے کا عزم رکھتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں