حکومت پنجاب پختہ سڑکوں کے منصوبوں پر 25ارب 39کروڑ70لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کرے گی، اقبال چنڑ

جمعرات 21 جولائی 2016 19:41

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21 جولائی ۔2016ء) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب میڈیم ٹرم ڈویلپمنٹ فریم ورک کے تحت درمیانی مدت منصوبہ بندی 2016-19ء کے پختہ سڑکوں کے منصوبوں پر 25ارب39کروڑ70لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کرے گی۔یہ بات انہوں نے اپنے حلقہ باقر پور ساہلاں جھوک رحیم بخش میں جاری سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرنے کے موقع پر کہی۔

انہوں نے بتایا کہ روڈزمیڈیم ٹرم ڈویلپمنٹ فریم ورک کے تحت رواں سال2016-17ء میں 7ارب90کروڑ روپے ، 2017-18ء میں 8ارب 50کروڑ روپے جبکہ 2018-19ء میں تقریباً9ارب روپے خرچ کرے گی۔اس موقع پر ملک اعجاز چنڑ، ملک مشتاق چنڑ، حاجی رحیم بخش چنڑ اور ملک وقاص چنڑ سمیت اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے بتایا کہ امسال جاری سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں پر 4ارب روپے جبکہ نئی سڑکوں کی سکیموں کے اجراء کے لئے 3ارب 80کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں نہ صرف پختہ اور عمدہ سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا بلکہ پہلے سے موجود سڑکوں کی اپ گریڈنگ وبحالی کر کے ماڈرن روڈ نیٹ ورک ترتیب دیا جائے گا تاکہ عوام کو بہترین اور ہائی کوالٹی انفراسٹرکچر کی سہولیات میسر آ سکیں اور عوام کی جدید ذرائع آمد ورفت کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے جس سے معاشی ترقی میں بے پناہ اضافہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے جال سے انڈسٹریل پراڈکشن میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا جو ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بدولت مختصر اور میڈیم انٹر پرائزز کے قیام اور ترقی کے لامحدود مواقع میسر آئیں گے جن سے خود روزگار ذرائع کی فراہمی ممکن ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ سڑکوں کے جال سے بڑے شہروں میں ٹریفک کے مسائل میں کمی کے ساتھ ساتھ عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ روڈ لنک کے بدولت عدم دستیاب سفر ی سہولیات کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت میں جدت پسندی کی بدولت بحفاظت روڈ ایکسل کنڈیشن کا حصول ممکن ہو گا جس سے سڑکوں پر رونما ہونے والے خوفناک حادثات میں خاطر خواہ کمی ہو گی۔صوبائی وزیر ملک محمد اقبال چنڑ نے بتایا کہ ایسی سڑکیں جن پر روزانہ کی بنیاد پر 800سے زائد گاڑیاں سفر کرتی ہیں ان کی چوڑائی 20فٹ سے بڑھا کر 24فٹ کر دی جائے گی جبکہ مین سٹریم سڑکیں جن پر ہیوی ٹریفک سمیت 8000گاڑیاں سفر کرتی ہیں ان سڑکوں کو دو رویہ ون وے سڑکوں میں بدل دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کسان اور کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے فارم سے مارکیٹ تک سڑکوں کی ترقی وبحالی کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں