مجلس وحدت المسلمین کے زیر اہتمام اہل تشیع افراد کی ٹارگٹ کلنگ ،عزا داری اور جلوسوں پر پابندی کے خلاف احتجاجی ریلی

جمعہ 22 جولائی 2016 19:17

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جولائی ۔2016ء) مجلس وحدت المسلمین کے زیر اہتمام اہل تشیع افراد کی ٹارگٹ کلنگ ،عزا داری اور جلوسوں پر پابندی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی مرکزی شیعہ جامع مسجد چاہ فتح خاں سے شروع ہو کر فرید گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے احتجاجی کتبے اوربینرز اٹھا رکھے تھے جن پرمطالبا ت کے حق میں نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

فریدگیٹ پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت المسلمین کے ضلعی جنرل سیکرٹری اظہر حسین نقوی،جاوید کلاچی ،اسد عباس اور دیگرمقررین نے کہا کہ کراچی ،پارا چنار سمیت ملک بھر میں فقہ جعفریہ کے افرادکو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔مقررین نے کہا کہ صدیوں سے جاری عزاداری ، مجالس اور جلوسوں پر حکومت کی جانب سے ناجائز رکاوٹیں ختم کی جائیں اور شیعہ مکتب فکر کے افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کرکے ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی،مساجد اور امام بارگاہوں کے تقدس کی پامالی کو روکا جائے ۔اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے 13مئی سے اسلام آباد میں جاری بھوک ہڑتالی کیمپ کی بھر پو رحمایت کا اعلان کیا ۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں