حکومت پنجاب عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس عملی اقدامات کر رہی ہے، صوبائی وزیر محمد اقبال چنڑ

ہفتہ 24 ستمبر 2016 22:50

بہاولپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء) صوبائی وزیر امداد باہمی وچیئر مین چولستان ترقیاتی ادارہ ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 12کروڑ روپے کی خطیر رقم سے موضع باقر پور میں ترقیاتی سکیموں کو ریکارڈ ٹائم میں مکمل کر کے عوام کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

یہ بات انہوں نے باقر پور گراؤنڈ میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہی۔صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ باقر پور میں ترجیحی بنیادوں پر پختہ سڑکوں کا جال، سیوریج لائن کی تعمیر، قبرستان کی چار دیواری سمیت وزیر اعلیٰ پنجاب فارم ٹو مارکیٹ پروگرام کے تحت کسانوں کو اپنی اجناس منڈیوں تک لے جانے کے لئے پختہ سڑکیں بنائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل میں دہشت گردی کا مسئلہ سر فہرست ہے جس سے نمٹنے کے لئے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں تمام سیکورٹی ادارے نبردآزما ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان دہشت گردی سے پاک امن کا گہوارہ ہو گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتی ہے اور کسان زراعت کا اہم ترین جزو ہے جس کو سہولیات کی فراہمی کے لئے محکمہ زراعت کاشتکاری کے جدید طریقوں سے متعلق معاونت فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے فیلڈ اسسٹنٹس کو کسانوں اور کاشتکاروں کو زراعت سے متعلق مفید مشورہ جات کی فراہمی کے لئے موٹر سائیکل فراہم کر دیئے گئے ہیں تاکہ وہ کم سے کم وقت میں کسانوں کو ان کی دہلیز پر پہنچ کر مفید مشورہ جات کی سہولیات فراہم کر سکیں۔

صوبائی وزیر نے عوام سے خطاب میں کہا کہ بہاول پور میں بچوں کی بیماریوں کے علاج معالجہ و صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی کے لئے سول ہسپتال سے ملحقہ ایک چلڈرن کمپلیکس بنایا جائے گا جس کی تعمیر جلد ہی شروع کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع بہاول پور اور اس کے گردونواح کے علاقہ کے عوام کو امراض چشم کے جدید علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک آئی ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں