زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر کے زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا،کیپٹن (ر) ثاقب ظفر

زمینداروکاشتکاروں کے مسائل فوری حل کر نے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،کمشنر بہاولپور ڈویژن

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 21:39

بہاول پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر - 2016ء) کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن (ر) ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کر کے زرعی پیداوار میں اضافہ کر نے اور زمینداروکاشتکاروں کے مسائل فوری حل کر نے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں ڈویژنل ایگریکلچرل ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید وسیم حسن ، ای ڈی او زراعت چوہدری تنویر احمد،محکمہ زراعت کے مختلف شعبوں کے افسران ، بینک ، شوگر ملز کے نمائندگان، ممبرکسان بورڈ جام حضور بخش ، فہیم احمد اور دیگر ممبران موجود تھے۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ ڈویژن بھر میں زرعی مقاصد کیلئے استعمال ہونے والی اراضی کا درست ریکارڈمرتب کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زراعت کو مستحکم کر کے اور کاشتکاری کی فلاح و بہبود اور انہیں جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کر انے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل زرعی مشاورتی کمیٹی کے فورم کو فعال اور اس میں پیش کی جانے والی تجاویز پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نہری پانی کی چوری کی روک تھام کیلئے موثر انداز میں کام کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ زمیندار و کاشتکاران کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولیات کے حوالہ سے آگاہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاشتکار استفادہ کر سکیں۔ کمشنر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف فصلات کی کاشت اور پیداوار کے حوالہ سے دیئے جانے والے اہداف کو حاصل کر نے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس کو بروقت مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبہ کے مختلف پروگراموں کے حوالہ سے کاشتکار و زمیندار ان کیلئے ادارہ ”ٹیوٹا“ کی مدد سے تربیتی کورسز کرائے جائیں گے تاکہ زرعی ماہرین کی تربیت اور تعلیم سے اس شعبہ سے وابستہ افراد کی استعداد کار میں اضافہ ممکن ہو سکے۔ ای ڈی او زراعت چوہدری تنویر احمد نے بریفنگ میں بتا یا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام برائے مشینی کاشت کے فروغ کے سلسلہ میں گندم کے بیماریوں سے محفوظ بیج کی مفت فراہمی ، سبزیوں کی کاشت، مونگ اور مسورکی دالوں کی کاشت کیلئے حکومت 33فیصدنرخ پر بیج دے رہی ہے۔

آم کے باغات میں فروٹ فلائی پر قابو پانے کیلئے بایولوجیکل طریقہ کا ر استعمال اور متوازن کھادوں کے استعمال کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نہری کھالہ جات کو پختہ بنانے اور لیزر لیولنگ یونٹ کی فراہمی جیسے گرا نقدر اقدامات کئے گئے ہیں۔ اسی طرح کاشتکاروں کو بذریعہ قرعہ اندازی زرعی آلات جس میں روٹا ویٹر ، ڈسک ہیرو، چیزل ہل، ربی ڈرل شامل ہیں ۔

انہوں نے کپاس، گنا اور گندم کی فصل کاشت اور پیداوار کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایکسئین انہار ہیڈ کوارٹر نے بتایا کہ ربیع اورخریف کی فصلوں کیلئے نہری پانی فراہم کیا جارہا ہے اور محکمہ انہار کے ترقیاتی پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نہری پانی چوری کی روک تھام کیلئے انہار افسران فیلڈ میں کام کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر ممبر کسان بورڈ پاکستان جام حضور بخش اور ممبرڈویژنل ایگری کلچرل ایڈوائزری کمیٹی محمد فہیم چوہدری نے زراعت کے شعبہ میں جدت لانے اور کسانوں کے مسائل کے حوالہ سے تجاویز دیں۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں