بہاول پور،نیشنل بینک T-20بلائنڈ کرکٹ ٹرافی کا فائنل

کشمیر کرکٹ ٹیم نے 10 وکٹوں سے جیت لیا

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 21:39

بہاول پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر - 2016ء) نیشنل بینک T-20بلائنڈ کرکٹ ٹرافی کا فائنل میچ ڈرنگ سٹیڈیم بہاولپور میں کشمیر بلائنڈ کرکٹ ٹیم اور پشاور بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے مابین کھیلا گیا جوکہ کشمیر کرکٹ ٹیم نے 10 وکٹوں سے جیت لیا۔ ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ نیشنل بینک آف پاکستان اویس اسد خاں نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر چیئر مین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ ، ڈائریکٹر مارکیٹنگ سید سلمان طارق بخاری ، انور علی ڈائریکٹر انٹرنیشنل افیئرز فار بلائنڈ کرکٹ، غلام محمد ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر سید متین احمد، سپیشل ایجوکیشن ادارہ کے افسران، سٹاف، بلائنڈ کرکٹرز او شائقین بڑی تعداد میں موجود تھے۔

فائنل میچ میں پشاور بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 245رنز بنائے جس کے جواب میں کشمیر بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے مطلوبہ ہدف حاصل کر کے نیشنل بینکT-20بلائنڈ کرٹ ٹرافی جیت لی۔

(جاری ہے)

نثار علی نے 113رنز بنائے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔تقریب تقسیم انعامات سے ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ نیشنل بینک آف پاکستان اویس اسد خان نے خطاب کرتے ہوئے شاندار بلائنڈ کرکٹ ٹرافی کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے نہایت نظم وضبط اور سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سال نیشنل بینک مزید بہتر انداز میں ٹرافی میچز منعقد کرائے گا۔انہوں نے کہا کہ دیگر ادارے بھی بلائنڈ کرکٹ کے فروغ کیلئے خدمات سرانجام دیں۔بعد ازاں کھلاڑیوں میں ونر اور رنر اپ ٹرافی ، نقد انعامات اور شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ونر ٹیم کو ٹرافی، 60ہزار روپے نقد انعام جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو رنر اپ ٹرافی اور 30ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔ مین آ دی میچ نثار علی کو 1500روپے نقد انعام، بیسٹ وکٹ کیپر مسعود جن کو 2500روپے، شیلڈ اور چار میچوں کے مین آف دی سیریز کو پچیس پچیس ہزار روپے نقد انعام اور شیلڈز دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں