ضلعی انتظامیہ نے افسران وملازمین کے استقبال اور رخصت کی نئی روایت کا آغاز کیا ہے٬ڈاکٹر احتشام انور مہار

پیر 17 اکتوبر 2016 20:22

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اکتوبر2016ء)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ بہاول پور نے نئے تعینات ہونے والے افسران وملازمین کا استقبال کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں سے رخصت ہو جانے والے افسران وملازمین کو الوداع کہنے کا انوکھا آغاز اپنا کر ایک نئی روایت کا آغاز کیا ہے۔یہ بات انہوں نے سرکٹ ہائوس بہاول پور میںافسران وملازمین کے اعزاز میںمنعقدہ ایک شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب میں گریڈز کی قید سے بالاتر ہو کر افسران اور ملازمین کو یکساں اہمیت دیتے ہوئے مدعو کیا گیا ہے اور سول٬ ملٹری٬ عدلیہ٬ پولیس ودیگر تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین وافسران کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی ٹیم بہاول پور کی خوبصورتی اور ترقی کے لئے شبانہ روز محنت کر رہے ہیں جس کی وجہ سے بہاول پور خوبصورتی وترقی کے لحاظ سے باقی شہروں کو پیچھے چھوڑتا جا رہاہے۔

انہوں نے بتایا کہ اگلی سہ ماہی تک بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں سے بہاول پور پاکستان کا پہلا ویسٹ فری شہر ہونے کا درجہ حاصل کرلے گا۔اس وقت بہاول پور 86فیصد کے ٹارگٹ پر موجود ہے جو جلد 100فیصد تک حاصل کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی بہاول پور پاکستان کا پہلا شہر ہو گا جس میں ملک بھر میں سب سے پہلے اردو زبان کو سرکاری سطح پر رائج کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ استاد ومعلم کو معاشرے میں اس کا وی آئی پی مقام دلانے کا سہرا سب سے پہلے بہاول پور کے پاس ہے جس میں اساتذہ کرام کو وی آئی پی سہولت کارڈز سے نوازا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور میں ضلعی انتظامیہ کے سہولت نمبر 1718کا اجراء کرنے کا اعزاز بھی سب سے پہلے بہاول پور کے حصہ میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سہولت نمبر سے کسی بھی سرکاری محکمہ کے کام بارے طریقہ کار ومعلومات باآسانی لی جا سکتی ہیں جس سے عوام کا وقت ضائع ہونے سے بچے گا اور کسی قسم کی دشواری کا سامنا بھی نہیں کرنا پڑے گا۔

انہوں نے بتایا کہ جلد ہی سہولت نمبر 1718پر شہر میں سرکاری محکموں کے خلاف شکایات درج کرانے کی سہولت بھی فراہم کر دی جائے گی جس کے تحت عوام شہر کی صفائی ستھرائی٬ سڑکوں وگلیوں کی مرمت اورسیوریج سے متعلق شکایات کی ویڈیو بنا کر وٹس ایپ کر کے صاحب اختیار کی توجہ متعلقہ مسائل کی طرف مبذول کرا سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ موصول ہونے والی شکایات کا ریکارڈ ترتیب دیا جائے گا اور عوام کو شکایات کا باقاعدہ فیڈ بیک دیا جائے گایا مسئلہ حل کر کے شکایت کنندہ کو مطلع کیاجائے گا۔

تقریب میںاراکین اسمبلی میاں نجیب الدین اویسی٬ علی حسن گیلانی٬کاظم پیرزادہ٬ ڈاکٹرسید وسیم اختر٬ افضل گل٬ قاضی عدنان فرید ٬خالد محمود وارن٬ سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی میاں عثمان عباسی ٬سول وملٹری بیوروکریٹس٬ ماتحت واعلیٰ عدلیہ کے ججز٬رجسٹرار٬ سول سوسائٹی کے اراکین ٬ ڈاکٹرز٬ وکلاء پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سمیت شہر کی اہم ادبی وسماجی شخصیات حبیب اللہ بھٹہ٬ تابش الوری٬ سابق اولمپئن مطیع اللہ خان٬ شاہد حسن رضوی ودیگراہم شخصیات کی کثیر تعداد شریک تھی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اشفاق احمد خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ وہ ضلع میں اپنی بنیادی ذمہ داری لا انفورسمنٹ کے ساتھ ساتھ محکمہ پولیس کی پبلک سروس ڈیلوری کو بھی بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں گے۔قبل ازیں وزیر مملکت برائے تعلیم وامور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ افسران کے کاندھوں پر بہت اہم ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی شکایات کا حل نکال کر اداروں کو عوام دوست بنائیں اور ان کی استعداد کار میں اضافہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بہاول پور شہر کو ملک بھر میں تعلیمی ٬ صحت کی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے حوالہ سے تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف میں یاد کیا جاتا ہے۔انہوں نے اس موقع پر سابق ایم پی اے سمیع اللہ چودہری کو چیئر مین بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔وزیر مملکت نے کہا کہ بہاول پور قدرتی طور پر ٹورسٹ سٹی آف دی کنٹری ہے جو اپنے اندر بے پناہ سیر وسیاحتی ذخیرہ سموئے ہوئے ہے۔

انہوں نے بہاول پور کی خدمات پر عباسی خاندان کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کے آبائواجداد نے تعلیمی اداروں٬ ہسپتال اور دیگر اہم اداروں میںاپنی گراںقدر خدمات پیش کیں جو اب بھی زندہ وجاوید ہیں۔انہوںنے کہا کہ بہاول پور میں بہت جلد سائنس وٹیکنالوجی کی ترقی کے لئے ایک جدید اور اعلیٰ طرز پر مشتمل سائنس وٹیکنالوجی یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہر کو ٹورازم سٹی کے طور پر اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے اور جیپ ریلی جو ملک کاایک میگا ایونٹ بن چکا ہے اس میں مزید نکھار پیدا کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خصوصاً ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر احتشام انور مہار اس ویژن پر مبارکباد کے مستحق ہیں کہ جس کے تحت ملازمین وافسران کی بلاتفریق خدمات کو سراہا جا رہا ہے اور استاد کا اعلیٰ مقام واپس دلانے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ اس شہر کے تمام ایماندار ٬ محنتی اور فرض شناس افسران کی دل سے قدر کرتے ہیں اور ان پر فخر کرتے ہیں جو عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ سرگرم عمل رہتے ہیں۔انہوں نے شہر سے رخصت ہو جانے والے افسران کو دعا دی کہ وہ جہاں بھی جائیں پاکستان کی خدمت کو ہمیشہ اولین ومقدم رکھیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ اور ان کی حکومت قانون کی بالادستی ٬ عدل وانصاف٬ عوام کو سہولیات کی فراہمی سمیت امن ویگانگت کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں اور عوام کی مشکلات کا حل اولین مقصد ہے۔بعد ازاں تقریب میں بہاول پور شہر کی تاریخی اہمیت کے حوالہ سے ضلعی حکومت بہاول پور کی طرف سے بنائی گئی ایک شارٹ ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب سے جنرل آفیسر کمانڈنگ 35ڈویژن بہاول پور جنرل امجد خٹک نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں بہاول پور میں تقرر ہونے والے سول وملٹری افسران کو خوش آمدید کہا گیا جن میں اسٹیشن کمانڈر بہاول پور و صدر کنٹونمنٹ بورڈ بریگیڈئیر منصور جنجوعہ٬ ڈائریکٹر انٹی کرپشن بہاول پور طارق محمود بخاری٬ اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور عامر حسین٬ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اشفاق احمد خان٬ کمانڈر 35ڈویژنل آرٹلری بریگیڈئیر عابد حسین شاہ٬ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ریحان بشیر٬ چیف آف سٹاف 31کور بریگیڈئیر رضا ایزد٬ اسسٹنٹ کمشنر عبد الرئوف مہر شامل تھے۔

اسی طرح تقریب میں بہاول پور سے ٹرانسفر ہو جانے والے افسران اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ رانا امجد علی جو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر بہاول نگر تعینات ہوئے ہیں اور اسسٹنٹ کمشنر حاصل پور وسیم انور خان جو ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بہاول پور تعینات ہوئے ہیں ان کو شاندارانداز میں رخصت کیا گیا۔تقریب میں صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے اپنی مدت ملازمت پوری کرنے والے ملازمین اسسٹنٹ محمد امین٬ ڈرائیور حضور بخش٬ نائب قاصد محمد حنیف٬ محمد الطاف٬ غلام فرید کو ان کی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور اعزازی شیلڈز سے نوازا۔

دریں اثنا وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے ضلع بہاول پور سے ٹرانسفر ہو جانے والے افسران کو اعزازی شیلڈز دیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں