کرپشن سے پاک اداروں کے قیام اور معاشرہ میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے ہر شخص اپنا کردار ادا کرے،سید طارق محمود بخاری

منگل 22 نومبر 2016 20:54

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2016ء) ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بہا ول پور ڈویژن سید طارق محمود بخاری نے کہا ہے کہ کرپشن سے پاک اداروں کے قیام اور معاشرہ میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے ہر شخص اپنا کردار ادا کرے۔ محکمہ اینٹی کرپشن بہاول پور ڈویژن نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بریگیڈئر(ریٹائرڈ) مظفر اقبال کے ویژن کے مطابق پبلک سیکٹر کو کرپشن فری بنانے اور لوگوں میں اس کا شعور اجاگر کرنے کے لیے بھرپور مہم کا آغاز کیا ہے۔

وہ گورنمنٹ ایس ای کالج میں منعقد ہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ ایس ای کالج پروفیسر ڈاکٹر ولی محمد ، سابق صدر چیمبر آف کامرس اور ایم ڈی شمیم گروپ آف انڈسٹریز ڈاکٹر رانا محمد طارق، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فیصل عطا، چودھری زاہد مجید، عابد نثار، اختر بھٹی، راشد مقبول، کالج اساتذہ، مختلف محکموں کے افسران و ملازمین، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور طلبہ و طالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ حکومت نے کرپشن فری سوسائٹی کے قیام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں تاکہ عوام کا اداروں پر اعتماد قائم ہو۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ایک خاص گروپ تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ خرابی پوری سوسائٹی میں پھیلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں ۔ وہ کامیابی کے حصول کے لیے شارٹ کٹ کا راستہ اختیار نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ امتحان اور ریسرچ کے کاموں میں نقل لگانا بھی کرپشن کے زمرے میں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کرانے کے لیے رشوت دینے کی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے اور نوجوان اس معاشرتی خرابی کو ختم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان آج عہد کریں کہ کرپشن سے انکار کریں گے اور لوگوں میں اس خرابی کے حوالہ سے شعور اجاگر کریں۔

سابق صدر چیمبر آف کامرس و ایم ڈی شمیم گروپ آف انڈسٹریز ڈاکٹر رانا محمد طارق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن سوسائٹی کو تباہ کررہی ہے اور ناسور کو ختم کرنے کے لیے سوسائٹی کا ہر فرد کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا حلال رزق کمانا عین عبادت ہے اور اپنے کسی کام کی غرض سے رشوت دینا سنگین جرم اور گناہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں بہتری، امن و امان اور خوشحالی لانے کے لیے ضروری ہے کہ رشوت ستانی کا خاتمہ کیا جائے اور یہ اہم کام سب نے مل کر کرنا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر ولی محمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رشوت دینے والا اور لینے والا دونوں جہنمی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے کہا کہ زمین پر جو کچھ حلا ل اور پاکیزہ موجود ہے اسے کھاؤ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نوجوانوں نے رشوت ستانی کے خاتمہ اور حلال رزق کمانے کے حوالہ سے بھرپور علم حاصل کیا ہے اور اس اہم پیغام کو سب تک پھیلائیں گے۔

پروفیسر امتیاز سلیم لودھی اور پروفیسر آصف دیوان نے اپنے اپنے خطاب میں معاشرہ میں بہتری لانے اور کرپشن کے خاتمہ کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن کے کردار کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ رشوت ستانی کا خاتمہ کرکے معاشرہ کو ترقی دے سکتے ہیں۔سیمینار سے ایس ای کالج کے طالب علم وقار اکرم، اسماء اکبر اور سنیعہ نے انسداد رشوت ستانی کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔

قبل ازیںدفتر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاول پور ڈویژن سے گورنمنٹ ایس ای کالج تک واک کی گئی جس کی قیادت ڈائریکٹر اینٹی کرپشن طارق محمود بخاری ، پرنسپل ایس ای کالج پروفیسر ڈاکٹر ولی محمد نے کی۔شرکاء واک نے کرپشن کے خاتمہ کے حوالہ سے بینرز اور کتبے اُٹھا رکھے تھے۔واک میں سابق صدر چیمبر آف کامرس ڈاکٹر رانا محمد طارق، ذرائع ابلاغ کے نمائندگان، سرکاری افسران و ملازمین اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں