مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک میں میرٹ کی پالیسی کو متعارف کرایا ہے ۔انجینئر بلیغ الرحمن

جمعہ 30 دسمبر 2016 22:07

بہاولپور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء)مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ملک میں میرٹ کی پالیسی کو متعارف کرایا ہے ۔اقربا پروری اور کرپشن کادروازہ بند کردیاگیا ہے۔نوجوانوں کو امید اور حوصلہ دلانے کے لئے میرٹ کی پالیسی ناگزیر ہے۔ہماری حکومت سے پہلے نوکریو ں کی فہرستیں لوگوں کے گھروں میں تیارہوتی تھیں۔ان خیالات کااظہار وزیرمملکت برائے فیڈرل ایجوکیشن اور پروفیشنل ٹریننگ انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے بہاولپور میں ٹیکنیکل ٹریننگ ٹیچرز کے کالج میںتقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت نے تمام نوکریاں اہل افراد کو خالصتاً میرٹ کی بنیاد پردی گئی ہیں۔سکولوں میں اساتذہ کی بھرتی کاعمل ہو یا پولیس میں کانسٹیبل کی بھرتی۔وزیراعلی کی ہدایت پربھرتی کا تمام عمل میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت نے کہاکہ اساتذہ کے لئے وی ائٓی پی کارڈ جاری کیے جارہے ہیں۔بہاولپور ضلع میں کارڈ جاری کرنے کایہ منصوبہ پائلٹ پروجیکٹ کے طورپر شروع کیاجارہا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ہر ٹیچر کو ایک کارڈ جاری کیا جائے گا جس کو دکھانے پر وہ مختلف شاپنگ مال ،ریسٹورنٹس یہاں تک کہ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی مالی رعایت حاصل کرسکے گا۔حکومت پنجاب کا یہ اقدام جہاں اساتذہ میں حوصلہ افزائی پیدا کرنے کاسبب بنے گا وہاں انہیں مالی منفعت بھی حاصل ہوسکے گی۔وزیرمملکت نے مزید کہاکہ بہاولپور میں صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی تعمیر ومرمت کاکام بڑی تیزی سے جاری ہے۔

بہاولپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پی ایچ اے شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کارلارہے ہیں۔بہاولپور کے مختلف تاریخی دروازوں کو ناجائز تجاوزات کے پاک کیاجارہاہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت نے لوڈشیڈنگ پر بڑی حد تک قابو پالیا ہے۔اب لوڈشیڈنگ کادورانیہ کم ہو کر تین گھنٹے تک رہ گیا ہے۔پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ اس خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔وزیرمملکت نے مزید کہاکہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں پورے صوبے میں مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی ہماری حکومت پر عوام کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ 2018ء کا الیکشن بھی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں