صوبہ بھر میں بلاامتیاز تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات بروقت مکمل کیے جارہے ہیں جن سے لوگ بھرپور ریلیف حاصل کررہے ہیں، صوبائی وزیر ملک اقبال چنر

پیر 2 جنوری 2017 22:01

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جنوری2017ء)صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنر نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں بلاامتیاز تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات بروقت مکمل کیے جارہے ہیں جن سے لوگ بھرپور ریلیف حاصل کررہے ہیں۔ وہ بہاول پور تحصیل کے علاقہ عباس نگر سے بستی گڈن پور تک 9 کلومیٹرطویل پختہ سڑک کی تعمیر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرر ہے تھے۔

اس منصوبہ پر مجموعی طور پر 9 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ اس موقع پر چیئرمین یونین کونسل انور گورائیہ، چودہری مشتاق اور علاقہ کے لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں صوبہ بھر میں متعدد ترقیاتی منصوبے اعلیٰ کوالٹی کے ساتھ مکمل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقہ جات میں سڑکوں کی تعمیر کا کام تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے تاکہ کاشت کاران کو اپنی اجناس منڈیوں تک لے جانے میں آسانی ہو اور وہ اپنی فصلوں کا بہتر معاوضہ حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہاول پور کو خوبصورت اور لوگوں کے لیے پرسکون اور پر آسائش خطہ بنانے کے لیے نمایاں اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا دیہی روڈز پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔ اس منصوبہ پر کروڑوں روپے لاگت آئی ہے اوربیشتر منصوبے مکمل کیے جاچکے ہیں۔انہوں نے علاقہ میں دو فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شخص کا حق ہے اور لوگوں کے حقوق کی ادائیگی کے لئے پرخلوص انداز میں خدمات سرانجام دی جارہی ہیں۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں