ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزرٹ ریلی

تینوں اضلاع پر مشتمل 470کلومیٹر طویل ٹریک کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات شروع کلچرل شو، میڈیکل کیمپس، ری فیولنگ پوائنٹس، کمیونیکیشن پوائنٹس سمیت دیگر انتظامی امور کو بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، کمشنر بہاولپور کی ہدایت

بدھ 4 جنوری 2017 21:01

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جنوری2017ء)کمشنر بہاولپور ڈویژن ثاقب ظفر نے کہا ہے کہ ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزرٹ ریلی کیتینوں اضلاع پر مشتمل 470کلومیٹر طویل ٹریک کو محفوظ بنایا جائے۔ کلچرل شو، میڈیکل کیمپس، ری فیولنگ پوائنٹس، کمیونیکیشن پوائنٹس سمیت دیگر انتظامی امور کو بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔ یہ احکامات انہوں نے چولستان ڈیزرٹ ریلی کے ویڈیو لنک اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کو دیے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انور مہار، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں جمیل احمد ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر بہاول نگر رانا امجد علی، منیجر ایونٹ ٹی ڈی سی پی فیاض احمد، صدر و اراکین فوربائی فور کلب محمود مجید، سعود مجید، زین محمود، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نعیم اقبال بخاری، ایڈیشنل کمشنر رابطہ سید وسیم حسن، سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی تنویر حسین جھنڈیر، سینئرٹورازم آفیسر شاہد محمود سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر ثاقب ظفر نے ہدایت کی کہ ریلی کے نقطہٴ آغاز و اختتام کے نزدیک شائقین کی ٹریفک کو کنٹرول کرنے کا پلان سمیت محکمہ صحت، ریسکیو 1122،ویسٹ مینجمنٹ ، سکیورٹی اور کیمپنگ کے لیے مؤثر حکمت عملی بھی وضع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریلی ٹریک کے راستے میں قلعہ جات بشمول جام گڑھ، خیر گڑھ، نواں کوٹ، مروٹ ، موج گڑھ اور دین گڑھ کے نزدیک شائقین کے لیے دیکھنے کے سپاٹ بنائے جائیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیاکہ 9 فروری سے 12 فروری تک دو مرحلوں میں چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی منعقد کی جائے گی جس کا پہلا مرحلہ220کلومیٹر جبکہ دوسرا مرحلہ 250کلومیٹر پر مشتمل ہوگا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ قلعہ ڈیراور پر کلچرل شو و آتش بازی کا مظاہرہ اور6پیراگلائیڈرز کا مظاہرہ بھی پروگرام کا حصہ ہوگا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ روٹ کی جلد از جلد نشاندہی اور مرمت کے کام کو مکمل کیا جائے گا۔

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں