کسی ادارے کی آمد سے قبل ہی سترھویں ترمیم اور پی سی او ججوں کا معاملہ حل کیا جائے‘صفدر عباسی اور ناہید خان کا مطالبہ

منگل 12 مئی 2009 18:11

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مئی ۔2009ء)پیپلزپارٹی کے سرکردہ رہنماؤں اور شہید بے نظیر بھٹو کے قریبی رفقاء سینیٹر صفدر عباسی اور ناہید خان نے مطالبہ کیا ہے کہ کسی ادارے کی آمد کے انتظار سے پہلے قومی اسمبلی کی سپیکر صدر مملکت کی خواہش کے مطابق سترھویں ترمیم اور پی سی او کے معاملہ عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنائیں- فاٹا اور بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے اور ملکی معیشت کے استحکام کیلئے تمام سیاسی معاشی قوتوں کو مل کر اقدامات اٹھانے کی خاطر متحدہ پالیسی بنانی چاہئے سولہ ماہ گزرنے کے باوجود محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات نہ ہونے سے پارٹی کارکنوں میں شدید بے چینی ہے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو تحقیقاتی کمیشن کا تیسرا رکن نہیں مل رہاان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا-انہوں نے کہا کہ نظام عدل ریگولیشن کے معاہدے سے پہلے یہ تو جان لیا جاتا کہ اس کے ساتھ کتنے لوگ ہیں تاحال اس کا فیصلہ نہیں کیا جا سکا کہ امن یا آپریشن ہونا چاہئے بار بار کے ملٹری آپریشنوں کے باوجود امن قائم نہیں ہو سکا- حکومت سیاسی قوتوں اور اسٹیبلشمنٹ کو مل کر فیصلہ کرنا چاہئے کہ آپریشن کو جاری رکھنا ہے یا امن ڈیل کرنی ہے انہوں نے کہا کہ آپریشن سے لاکھوں لوگوں کے انخلاء ایک بہت بڑا چیلنج ہے وفاقی حکومت اور صوبہ سرحد کی حکومت کو بے گھر لاکھوں افراد کیلئے خوراک پانی بجلی صحت اور تعلیم کے ساتھ رہائش کی سہولتیں حل کرنا چاہئیں- انہوں نے کہا کہ مقامی اور عالمی این جی اوز کو آگے آنا چاہئے بلوچستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ کی منصفانہ تقسیم‘کنکرنٹ لسٹ کا خاتمہ اور قدرتی وسائل کی تقسیم میص حصہ دینا ہو گا موجودہ پالیسیوں سے ایسی آگ بن رہی ہے اس کا حل نکالنا اسٹیبلشمنٹ کیلئے ضروری ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو وفاقی حکومت میں شامل ہونا چاہئے نیز صوبہ پنجاب میں ساٹھ اور چالیس کے حساب سے پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو نوکریوں میں حصہ دیا جائے پولیس تھانہ کچہری ہیلتھ اور ایجوکیشن سمیت تمام سرکاری اداروں میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو چالیس فیصد کوٹے کے مطابق پذیرائی ملنی چاہئے انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے نام پر پیپلزپارٹی کے وزیروں مشیروں کا تعلق پارٹی کارکنوں سے ختم ہو گیا-بے نظیر بھٹو شہید ذوالفقار علی بھٹو شہید کے دیئے گئے پارٹی منشور پر عمل پیرا تھیں لیکن اب پارٹی ورکر لاچار پھر رہا ہے پارٹی قیادت اور پارٹی کارکنوں میں پیدا شدہ خلا کو پر کرنا ہو گا تاکہ کارکنوں کی بے چینی دور ہو ایوانوں میں بیٹھے دو سو اراکین اسمبلی کا نام پیپلزپارٹی نہیں وہ صرف پارٹی کا حصہ ہیں پارٹی قیادت کارکنوں کو علیحدہ بٹھا کر نطرثانی کرے انہوں نے کہا کہ وہ چالیس سال سے پارٹی سے وابستہ ہیں اور مرتے دم تک پارٹی کے ساتھ رہیں گے اس موقع پر کچھ پارٹی کارکنوں نے پارٹی کے غدار نامنظور کے نعرے لگائے-ناہید خان نے کہا کہ یہ بچے ہیں جذبات کا اظہار ان کا حق ہے-

بہاولپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں