سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں کالعدم داعش کے دو اہم کمانڈر زبیر اور عزیز الرحمان مارے گئے، آئی ایس پی آر

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 23 نومبر 2020 23:15

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 انتہائی مطلوب  دہشت گرد ہلاک
باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 23 نومبر 2020ء) باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں کالعدم تنظیم داعش کے دو اہم کمانڈرز مارے گئے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر باجوڑ میں آپریشن کیا۔ دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں کالعدم داعش کے دو اہم کمانڈر مارے گئے ، ہلاک ہونے والوں دہشت گردوں میں دہشت گرد کمانڈر زبیر اور عزیز الرحمان ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں کالعدم داعش کراچی کا سربراہ عزیز الرحمان بھی شامل تھا۔ ہلاک دہشتگرد کئی بڑی خودکش کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کو پاکستان میں تخریب کاری کرنے کے لئے سرحدپار سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے اسپانسرڈ رہنماؤں کی جانب سے ہدایات مل رہی تھیں، آپریشن کےدوران ہلاک دہشت گرد کمانڈر زبیرباجوڑ میں آپریشنل کمانڈر تھا جبکہ دوسرے ہلاک دہشت گرد کمانڈر عزیز الرحمان کی اہلیہ کراچی میں خواتین ونگ کو دیکھ رہی تھی، کمانڈر عزیز الرحمان کی اہلیہ کو حال ہی میں گرفتار کرکے پولیس کےحوالےکیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاع پر دریائے کیتو کے قریب اسپن وام کے علاقے میں کارروائی کی جس میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک سپاہی صدام شہید ہوگیا۔ سپاہی صدام کا تعلق کرک سے تھے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو جوان زخمی بھی ہوئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز علاقے کو گھیرے میں لے رہی تھیں کہ دہشتگردوں نے فائرنگ شروع کردی۔

جوابی کارروائی میں چاروں دہشتگرد مارے گئے ۔ شمالی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن گزشتہ رات کیا گیا ۔ انٹیلیجنس اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اس علاقے میں دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانے تھے ۔ کارروائی کرنے پر دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کا آغاز کیا گیا ۔ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی دریائے کیتو کے شمال مغرب میں اسپن وام کے علاقے میں کی گئی تھی ۔

واضح رہے کہ 4 روز قبل دہشتگردوں نے پاش زیارت کے قریب فوجی چوکی پر حملہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسزکی چوکی پر فائرنگ کے فوری بعد پاک فوج نے جوابی کارروائی کی ۔ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کو برق رفتار اور مؤثر جواب دیا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ شہدا میں 32 سالہ حوالدار مطلوب اور 25 سالہ سپاہی سلیمان شوکت شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقہ میں کلئیرنس کے لیے آپریشن جاری ہے۔ یاد رہے کہ پاک فوج کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان کی فوج اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردوں کا خاتمہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہیں۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں