باجوڑ ؛ گاڑی کے قریب بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں گاڑی کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں علاقے میں افراتفری پھیل گئی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 دسمبر 2021 15:21

باجوڑ ؛ گاڑی کے قریب بم دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے
باجوڑ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 دسمبر 2021ء ) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں گاڑی کے قریب بم دھماکے میں2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں گاڑی کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 4 زخمی ہوگئے ، دھماکے کے نتیجے میں علاقے میں افراتفری پھیل گئی ، واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیموں کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا جب کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کے مقام کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ صوبہ خیبر پختون خوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج پولنگ کا عمل جاری ہے ، ان اضلاع میں باجوڑ بھی شامل ہے ، پہلے مرحلے میں خیبر پختون خوا کے ان 17 اضلاع میں 1 کروڑ 26 لاکھ 68 ہزار سے زیادہ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے ، جہاں پہلے مرحلے میں آج پشاور ، نوشہرہ ، کوہاٹ ، ڈیرہ اسماعیل خان ، لکی مروت ، مالا کنڈ ، باجوڑ ، مردان ، صوابی ، کرک، بنوں ، ٹانک ، ہری پور ، خیبر ، چارسدہ ، ہنگو اور مہمند میں پولنگ ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ان اضلاع میں سٹی مئیر اور تحصیل چیئرمین کی نشستوں کے لیے 689 ، ویلیج اور نیبرہڈ کونسلوں میں جنرل نشستوں پر 19 ہزار 285 ، خواتین کی نشستوں پر 3 ہزار 870 ، مزدور اور کسان کی نشستوں کے لیے 7 ہزار 428، یوتھ نشستوں پر 6 ہزار 11 اور اقلیتی نشستوں پر 293 امیدوار اپنی قسمت آزمائی کر رہے ہیں ، جہاں مجموعی طور پر 9 ہزار 223 پولنگ اسٹیشنز اور 28 ہزار 892 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، ان میں سے 4 ہزار 188 پولنگ اسٹیشن حساس اور 2 ہزار 507 حساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں