صوبائی وزیرصحت کادورہ باجوڑ

پیر 14 جنوری 2019 22:59

باجوڑ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے ضلع باجوڑمیں ڈیوٹی سے غیرحاضر عملے کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ایسے ملازمین کی لسٹیں ترتیب دینے کے احکامات دیئے ہیں۔ انہوں نے باجوڑ میں میڈیکل کالج اور نرسنگ کالج کے قیام کے علاوہ وہاں انڈی پینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کو توسیع دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

پیرکے روز وزیرصحت ڈاکٹر ہشام کے باجوڑ دورے کے موقع پر مشیرصحت ڈاکٹر جواد واصف کے علاوہ کمانڈر سیکٹر نارتھ بریگیڈیئر نعیم اکبر راجہ ، ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود ، کمانڈنٹ باجوڑ سکاوٹس کرنل رحمان قادر ، اسسٹنٹ کمشنر خار جان محمد ، اسسٹنٹ کمشنر نواگئی انوارالحق، ایجنسی سرجن ڈاکٹر وزیر خان صافی، ایم ایس ڈی ایچ کیو خار ڈاکٹر محمد نور ، ڈاکٹر حمیدالرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے ضلع باجوڑمیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال خار کابھی تفصیلی دورہ کیاجہاں ڈپٹی کمشنر عثمان محسود ، سرجن ڈاکٹر وزیر خان صافی اور ایم ایس ڈاکٹر محمد نور نے محکمہ صحت کے حوالے سے انہیں تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف معاملات سے آگاہ کیا ۔ڈاکٹر محمد نور نے بتایا کہ ہیڈکواٹر ہسپتال خار کا سالانہ بجٹ ایک کروڑ نو لاکھ روپے ہے جو کہ آبادی کے تناسب انتہائی کم ہے لہذا س میں اضافہ کیا جائے ۔

بعدازاں جرگہ ہال سول کالونی خار میں مقامی عمائدین اور دیگر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان کا کہنا تھا کہ ضلع باجوڑ کے ہسپتالوں میں آج کے بعد کوئی ڈاکٹراور دیگر عملہ غیر حاضر نہیں رہے گا،محکمہ کی جانب سے ان پر سخت چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے گا اور غفلت برتنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں بھرتیوں میں کسی قسم کی سفارش قبول نہیں اور مالی بے ضابطگیوں سمیت ہر قسم کے غیرقانونی اقدامات کاخاتمہ کیا جائے گا جو تحریک انصاف حکومت کے منشورکا حصہ ہے،انہوں نے قبائلی عمائدین کو یقین دہانی کرائی کہ انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کی ترقی وفلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

وزیرصحت نے ضلع باجوڑ میں آئی ایم یو کو توسیع دینے کابھی اعلان کیا تاکہ وہاں طبی مراکز کی باقاعدہ مانیٹرنگ شروع کی جاسکے اور ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی موجودگی یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں نرسنگ کالج اورمیڈیکل کالج کے قیام کے حوالے سے ڈیپارٹمنٹ جلد اقدامات اٹھائے گا۔ انہوں نے باجوڑ کے صحت اداروں میں احتساب اور مانیٹرنگ کا نظام بہتربنانے پر زور دیااورعلاقے میں قیام امن اور ترقی کیلئے پاک فوج کے کردار کو بھی سراہا۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں