حکومت قبائلی اضلاع کے صحافیوں کو وہ تمام سہولیات فراہم کرے گی جو ملک کے دیگر اضلاع کے صحافیوں کو میسر ہیں‘شوکت علی یوسف زئی

قبائلی صحافیوں نے حکومتی عملداری کی بحالی اور قیام امن کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں‘صوبائی وزیر اطلاعات

منگل 16 اپریل 2019 18:04

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ حکومت قبائلی اضلاع کے صحافیوں کو وہ تمام سہولیات فراہم کرے گی جو ملک کے دیگر اضلاع کے صحافیوں کو میسر ہیں۔ باجوڑ کے صحافیوں کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء اور ایکریڈیشن کارڈ ز بھی دیں گے ۔ قبائلی صحافیوں نے قبائلی اضلاع میں قیام امن کے لیے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روزٹرائبل یونین آف جرنلسٹس باجوڑاور باجوڑ پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کے حلف برداری کے تقریب سے خطاب میں کیاہے ۔ حلف برداری کے تقریب میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ عثمان محسود ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمود احمد خا ن ، ڈائریکٹر انفارمیشن قبائلی اضلاع عبدالاسلام وزیر ، باجوڑ پریس کلب کے صدر حسبان اللہ ،ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس باجوڑ کے صدر میاں سعید الرحمن ، باجوڑ پریس کلب کے چیئرمین حاجی حبیب اللہ خان آسی ، رکن قومی اسمبلی گل ظفر خا ن، گل داد خان، قبائلی عمائدین ، صحافیوں ،سیاسی سماجی اور عوامی حلقوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہاکہ قبائلی صحافیوں نے حکومتی عملداری کی بحالی اور قیام امن کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی اضلاع میں کئی سالوں سے عسکریت پسندی اور غیر معمولی حالات کی وجہ سے یہاں کے صحافیوںکو اپنی پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑاہے اور یہی وجہ ہے کہ قبائلی اضلاع کے بہت سی صحافیوں کو جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نواز حکومت نے ملک کو مقروض کردیا اور اس وجہ سے ہمیں معاشی چیلنجز درپیش ہیں۔ صوبائی وزیر نے باجوڑ کے صحافیوں کیلئے صحت انصاف کارڈ ، ایکریڈیشن کارڈ اور سالانہ گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔ جبکہ باجوڑ پریس کلب کی پرانی عمارت بھی بحال کرنے کا اعلا ن کیا۔ تقریب سے سنیئر صحافی اور باجوڑ پریس کلب کے چیئرمین حاجی حبیب اللہ خان آسی، باجوڑپریس کلب کے صدر حسبان اللہ خان ، ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس باجوڑکے صدر میاں سعیدالرحمان اور دیگر نے خطاب کیا اور صحافیوں کو درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔ اس سے قبل صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس اور باجوڑ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں