حکومت چھ ماہ کے اندر اندر قبائلی اضلاع میں صوبائی الیکشن کروائے‘امیر جماعت اسلامی قبائلی اضلاع

جماعت اسلامی 26ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتی ہے ، لیکن قبائلی اضلاع میں صوبائی الیکشن کا التواء کسی صورت برداشت نہیں ‘حاجی سردار خان

جمعہ 17 مئی 2019 14:13

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2019ء) جماعت اسلامی 26ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتی ہے ، لیکن قبائلی اضلاع میں صوبائی الیکشن کا التواء کسی صورت برداشت نہیں ، حکومت چھ ماہ کے اندر اندر قبائلی اضلاع میں صوبائی الیکشن کروائے۔6 ماہ سے زائد تاخیر کے صورت میں بھرپور احتجاج کرے گی۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی قبائلی اضلاع کے امیر حاجی سردار خان نے سراج الدین خان کے رہائش گاہ نویکلے میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی باجوڑ کے قائم مقام امیر صوفی حمید ، مولانا وحید گل ، سراج الدین خان ، صاحبزاہ ہارون رشید ، مولانا عبدالمجید ، پروفیسر عبدالرقیب ، میاں صاحب الرحمان ،بختیار عالم ، حیات محمد ، ذاکراللہ اور دیگر ضلعی ذمہ داران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حاجی سردار خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ایف سی آر کے خاتمے کیلئے طویل جدوجہد کی اور بلا آخر قبائلی عوام کا انضمام کا دیرینہ خواب پورا ہوگیا ہے۔

لیکن اب تک قبائلی عوام کو انضمام کے ثمرات سے مکمل طور پر محروم رکھا گیا ہے۔انضمام کے وقت قبائلی عوام کے ساتھ دس سال کیلئے 1000ارب روپے ، تیس ہزار پولیس کی بھرتی جبکہ این ایف سی ایوارڈ میں تین فیصد حصہ اور ایک سال کے اندر اندر قبائلی اضلاع میں صوبائی الیکشن کروانا تھا۔ضروری نہیں کہ پورا ایک سال بعد جولائی ہی میں کروایا جائے۔ اب جب کہ الیکشن مرحلے کا آغاز ہوچکا تھا بلکہ امیدواروں نے کاغذات جمع کروا کر سکروٹنی کا عمل جاری تھا اس دوران 26ویں آئینی ترمیمی بل پیش کرنا کی کیا ضرورت پڑی لیکن پھر بھی ہم قبائلی اضلاع کے لیے اس کی اہمیت کے پیش نظر اس کا خیرمقد م کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ حکومت آئندہ چھ ماہ کے دوران قبائلی اضلاع میں صوبائی الیکشن کا انعقاد کرے گی۔

انہوںنے میڈیا کو بتایا کہ قبائلی عوام کو انضمام کے حقیقی ثمرات اس وقت میسرآئیں گے جب قبائلی نمائندے صوبائی اسمبلی کے فلور پر قبائل کے مسائل اجاگر کریں گے کیونکہ قبائل کا خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام ہوچکا ہے لیکن تاحال خیبرپختونخوا کے اسمبلی میں ان کے نمائندگی کرنے والا کوئی نہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طو رپر چھ ماہ کے اندر قبائلی اضلاع میں الیکشن کروائے اور حکومت اس میں روڑے نہ اٹکائیں۔

بصورت دیگر جماعت اسلامی تمام سیاسی پارٹیوں کے ہمراہ سڑکوں پر بھرپور احتجاج کرے گی۔انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی کی صوبائی الیکشن کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیںاور جماعت اسلامی نے صوبائی الیکشن کیلئے اپنے امیدواروں کا بھی اعلان کررکھا ہے۔

باجوڑ ایجنسی میں شائع ہونے والی مزید خبریں