محسن داوڑ اور علی وزیر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا

ہائی کورٹ نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں اور دو افراد کی شخصی ضمانت کی عوض رہائی کا حکم دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 ستمبر 2019 17:02

محسن داوڑ اور علی وزیر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا
بنوں (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2019ء) : ہائیکورٹ نے ارکان قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنماؤں محسن داوڑ اور علی وزیر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے بنوں سرکٹ بینچ میں جسٹس ناصر محفوظ نے ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔ عدالت نے دونوں سیاسی رہنماؤں اور اراکین اسمبلی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے۔

ہائی کورٹ نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں اور دو افراد کی شخصی ضمانت کی عوض رہائی کا حکم دیا اور ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دے دیا گیا۔ واضح رہے کہ ارکان اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو خڑکمر چیک پوسٹ پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور ان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات زیر سماعت ہیں۔

(جاری ہے)

26 مئی کو رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے علی وزیر اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی اہلکاروں کی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ چار اہلکار زخمی ہو گئے تھے تاہم جوابی کارروائی میں تین حملہ آور مارے گئے جبکہ دس افراد زخمی ہوئے تھے۔

اراکین اسمبلی کی گرفتاری کے بعد خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں اراکین قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی ضمانت کے لیے درخواست دائر کردی گئی تھی۔ درخواست ضمانت پشاور ہائیکورٹ بار کے صدر لطیف آفریدی ایڈووکیٹ، پیرحمیداللہ شاہ ایڈووکیٹ، سنگین خان ایڈووکیٹ اور طارق افغان ایڈووکیٹ پر مشتمل وکلاء ٹیم کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ اراکین قومی اسمبلی کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔  

بنوں میں شائع ہونے والی مزید خبریں