بنوں، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا حلف اُٹھانے پر مبارکباد

قوم تبدیلی کی خواہاں ، امید ہے عمران خان ماضی کے حکمرانوں کی طرح قوم کو مایوس نہیں کریں گے، رہنما ر عافیہ موومنٹ

ہفتہ 18 اگست 2018 20:43

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2018ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا حلف اُٹھانے پر مبارکباد دی اور ان کی حکومت کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے ۔ عافیہ موومنٹ انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم تبدیلی کی خواہاں ہے۔

امید ہے عمران خان ماضی کے حکمرانوں کی طرح قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔ ان کی حکومت میں ملک میں انصاف کا بول بالا ہوگا، قوم سے کئے گئے وعدوں کا پاس کیا جائے گا اورعافیہ جیسے مظلوموں کی داد رسی ہوگی۔ ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے حق میں سب سے پہلی آوازعمران خان نے ہی بلند کی تھی اب جبکہ ان کی حکومت قائم ہوگئی ہے تو قوم بجاطور پر توقع کرسکتی ہے کہ عافیہ کی وطن واپسی عمران خان کی حکومت کے پہلے 100دنوں کے ایجنڈے میں سرفہرست ہوگی۔

(جاری ہے)

عوام امید کرتے ہیں کے آپ کسی مصلحت کو خاطر میں نہیں لائیں گے اور امریکی حکام کے سامنے ملک اور قوم کے وقار کو ملحوظ خاطر رکھیں گے۔ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ عمران خان ملک کے آٹھویں منتخب وزیراعظم ہیں جن سے میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کی اپیل کررہی ہوں۔

بنوں میں شائع ہونے والی مزید خبریں