بارکھان،عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کیلئے قبائلی تنازعات اور باہمی جھگڑوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے،صوبائی وزیر سردار عبد الرحمن کھیتران

بدھ 14 اپریل 2021 00:03

بارکھان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2021ء) صوبائی وزیر خوراک و بہبود آبادی سردار عبد الرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ قبائلی تنازعات کے منصفانہ حل کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کیلئے قبائلی تنازعات اور باہمی جھگڑوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لئے علاقے کو امن کا گہوارہ بنانا ہمارا مشن ہے۔

تاکہ ضلع کے عوام کو ایک پرامن ماحول دستیاب ہو سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نیوڈیرا سلطان کرمدانی کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے شرکائ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر میر شہباز،وڈیرا محمد حسین،وڈیرا ذوالفقار سردار زادہ قاسم شاہ کھیتران،میر ایوب کھیتران اور وڈیرا تاج محمد سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات اور سیاسی و قبائلی عمائدین موجود تھے تاہم معتبرین سمیت عوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ قبائلی جھگڑے اور باہمی تنازعات علاقائی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ کا سبب ہیں۔

(جاری ہے)

ترقی کے منازل طے کرنے کے لیے ہمیں علاقائی تنازعات اور آپس کے اختلافات ختم کرنے ہوں گے۔اس دوران انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے مسائل مقامی طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں زندگی بسر کرنے والے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ سردار کھیتران نے کہا کہ اس ضمن میں علمائے کرام،سیاسی و سماجی معتبرین سمیت تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو کو ہمارا ساتھ دے کر مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔

کیونکہ باہمی تنازعات کایہ عمل معاشرتی اور مذہبی حوالے سے بھی قابل نفرت عمل ہے۔جبکہ باہمی اختلافات ختم کرنے میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی پوشیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلٰی جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ کیونکہ کسی بھی ملک کے عوام کی معیار زندگی اس کی معاشی اور سماجی حالت کا آئینہ دار ہوتا ہے۔

صوبائی وزیر سردار کھیتران نے علاقے میں جاری دیرینہ قبائلی دشمنی کو ختم کرنے کے لیے فریقین کے مابین تصفیہ کرانے کا مختیار خاص مقرر کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بارکھان کے باشعور عوام ترقی پسند اور امن و امان کے خواہاں ہیں۔تاہم عرصہ دراز سے جاری قبائلی تنازعات کے خاتمہ کے لئے کوششیں تیز کرنا وقت کی ضرورت ہے۔جبکہ اس بابت تمام قبائلی عمائدین سے رابطے جاری ہیں اور بہت جلد علاقے کو باہمی جھگڑوں اور تنازعات سے پاک کرکے امن کا گہوارہ بناتے ہوئے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

عبدالرحمان کھیتران نے مزید کہا کہ اپنے حلقے کے عوام کو پر امن ماحول میں صحت اور تعلیم سمیت زندگی کے تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔اقتدار ہمارا مقصد نہیں جبکہ ہمیشہ نظریات اور عوام کے مفادات کو اولین ترجیح دی ہے۔تاہم عوامی مفادات کے حصول اور ان کے حل طلب مسائل کے موثر حل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا

بارکھان میں شائع ہونے والی مزید خبریں