سوات کے ایم پی ایز تعصب پر مبنی سوچ سے اجتناب کریں ،پولیس بھرتی پر جتنا حق سوات کے عوام کا ہے اتنا ہی ملاکنڈ ایجنسی کا ہے ، وزیراعلیٰ مالاکنڈ ایجنسی کی مخالفت کرکے مالاکنڈ دشمنی کا سلسلہ ترک کریں،تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 4 اگست 2013 17:26

بٹ خیلہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔4اگست۔ 2013ء) مالاکنڈ سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ سوات کے ایم پی ایز تعصب پر مبنی سوچ سے اجتناب کریں، پولیس بھرتی پر جتنا حق سوات کے عوام کا ہے اتنا ہی ملاکنڈ ایجنسی کا ہے، وزیراعلیٰ مالاکنڈ ایجنسی کی مخالفت کرکے مالاکنڈ دشمنی کا سلسلہ ترک کریں، بصورت دیگر مالاکنڈ کے عوام سوات دشمنی پر اتر آنے میں دیر نہیں لگائیں گے وہ اتوارکومیڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سوات پولیس بھرتیوں میں ملاکنڈایجنسی کے 140پوسٹوں کا اپنا کوٹہ ہے اور یہ صوبائی سطح پر منظور ہوچکاہے لیکن تحریک انصاف سوات کے بعض ایم پی ایز نے وزیر اعلیٰ کو یہ کوٹہ ختم کرنے اور سوات کو دینے کی سفارش کرکے اچھی روایت قائم نہیں کی ہے انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز اور دیگر مصیبتوں کے دوران مالاکنڈ ایجنسی کے عوام نے سوات سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی جتنی خدمت کی اس کی مثال نہیں ملتی اپنے گھر اور دل کھول رکھے تھے اب سوات کے ایم پی ایز انہی خدمات کا صلہ اس شکل میں دے رہے ہیں کہ مالاکنڈ ایجنسی کے بے روزگار اور غریب افراد کو روزگار سے محروم کیا جاسکے یہ اقدام نہ صرف قابل مذمت بلکہ باعث شرم بھی ہے اس لئے سوات کے ایم پی ایز اپنا یہ فیصلہ واپس لے کر مالاکنڈ ایجنسی کے غریب عوام کے حال پر رحم کریں انہوں نے کہاکہ اگر پھر بھی صورت حال جوں کی توں رہی تو ہر ممکن قانونی اور غیر قانونی حد تک جانے سے دریغ نہیں کیا جائے گا جس سے بہت سے مسائل پیدا ہوں گے ۔

بٹ خیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں