مالاکنڈ، جھڑپ میں لیویز سپاہی جاں بحق،بم دھماکے سے 8دکانیں تباہ

جمعرات 11 اکتوبر 2007 15:44

بٹ خیلہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اکتوبر۔2007ء )مالاکنڈکے علاقہ تھانہ میں بم دھماکہ،آٹھ دکانیں تباہ ،لیویزاورعسکریت پسندوں کے مابین جھڑپ کے نتیجے میں ایک لیویزسپاہی جاں بحق جبکہ دوسرازخمی ہوگیا،مسلح افرادکاایک ساتھی گرفتار۔تفصیلات کے مطابق مالاکنڈایجنسی کے صدرمقام بٹ خیلہ شہرکے علاقہ تھانہ سالارمارکیٹ میں واقع تین سی ڈی سنٹرزکونشانہ بنانے کیلئے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نامعلوم عسکریت پسندوں نے گھی کے ڈبے میں تین کلووزنی بم نصب کررکھاتھا جوایک زوردار دھماکہ سے پھٹ گیاجس کے نتیجے میں سی ڈی سنٹرزسمیت آٹھ دکانیں تباہ ہوگئی۔

جبکہ قریبی عمارتوں کوجزوی نقصان پہنچاجس کے باعث لوگوں میں سخت خوف وہراس پایاگیا۔ بم کی آوازدوردورتک سنائی دی گئی اورتھانہ گاؤں لرزاٹھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمالاکنڈلیویزاورنامعلوم عسکریت پسندوں کے مابین فائرنگ کاتبادلہ بھی ہواجس میں لیویزکاایک سپاہی فضل سبحان جاں بحق جبکہ سپاہی انورزخمی ہوگیا۔لیویزکی فائرنگ سے ایک حملہ آورشدیدزخمی ہوگیامذکورہ کارروائی کے بعدنامعلوم عسکریت پسند اپنے ساتھی کوزخمی حالت میں چھوڑکرفرارہوگئے جسے لیویزنے اپنے حراست میں لیکر تشویشناک حالت میں پشاورمنتقل کرنے کی اطلاعات ہے۔

واضح رہے کہ نامعلوم عسکریت پسندوں نے تحصیل بھرمیں سی ڈی سنٹرز،ویڈیوگیم،حجاموں،سمیت کیبل نیٹ ورک کودھمکی آمیزخطوط بھیج کرغیرشرعی کام کوچندروزمیں چھوڑنے کاانتباہ کیاتھا۔

بٹ خیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں