بٹ خیلہ،20 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف کرش مشین مالکان کا احتجاج ،واپڈا دفتر درگئی کا گھیرائو شدید نعرہ بازی

پیر 8 مئی 2017 21:45

بٹ خیلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 مئی2017ء) بجلی کے غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف کرش مشین مالکان پلئی اور شموزئی سراپا احتجاج بن گئے ۔لوڈشیڈنگ کے باعث کرش مشین بندش سے ہزاروں گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں، ملاکنڈ میں تین بجلی گھر اور بروقت بلز جمع کرنے کے باوجود 20 ,20 گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کرینگے ۔

مشتعل کرش مشین مالکان اور مزدوروں نے واپڈا درگئی دفتر کا گھیرائو کرکے شدید نعرہ بازی کی ، ایک ہفتے کے اندر ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند نہیں کیا تو کرش مشنری رکھ کر مین ملاکنڈ شاہراہ ہر قسم کے ٹریفک کے لئے بند کر دینگے ۔پیر کو بجلی کے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ کرش مشین مالکان پلئی اور شموزئی نے کرش مشین یونین کے صدر حاجی نثار محمداور تحصیل نائب ناظم درگئی حاجی اعظم خان کی قیادت میں سینکڑوں مزدوروں کے ہمراہ واپڈا درگئی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور واپڈا درگئی کے حکام کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر احتجاجی مظاہرین واپڈا درگئی کامین گیٹ زبردستی کھول کر اندر داخل ہو گئے ۔ احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کرش مشین یونین کے صدر حاجی نثار محمد ، حاجی اعظم خان جھاڑے اور دیگر مقررین نے کہا کہ کروڑوں روپے کے سرمایہ کاری اور بھاری بلز ادا کرنے کے باوجود ہمیں روز روز احتجاج اور ہڑتالوں پر مجبور کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ہمارے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو چکا ہے اس لئے اگر واپڈا درگئی نے ایک ہفتے کے اندر اندر غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند نہیں کیا اور لوڈشیڈنگ خاتمے کا مستقل حل تلاش نہیں کیا تو کرش مشینوں کی ہیوی مشنری مین روڈ پر لا کر مین ملاکنڈ شاہراہ ہر قسم کے ٹریفک کے لئے بند کردینگے جس میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری واپڈا درگئی کے حکام اور اہلکاروں پر ہو گی کیونکہ ظلم کے خلاف اور حق کے حصول کے لئے آواز اُٹھانے اور احتجاج کے سوا ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے باعث کرش مشین بندش سے دس ہزار سے زائد مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں اورفاقوں کی زندگی گزار رہے ہیں حالانکہ کرش مشین مالکان نے کروڑوں روپے لگا کر کرش مشین لگائے ہیں اور واپڈا کو بروقت ادائیگی بھی کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ذریعے ہمیں حلال روزگار کرنے سے روکا جارہا ہے ۔مقررین نے کہا کہ ملاکنڈ میں چلنے والے دیگر کارخانوں کو بجلی مل رہی ہے جبکہ کرش مشینوں کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے اور ہمارے بچوں کو فاقوں پر مجبور کیا جارہا ہے ۔

مشتعل عوام اور مقررین نے واپڈا درگئی کے اہلکاروں پر الزام لگایاکہ جو لوگ اور کارخانہ دار انہیں رشوت دیتے ہیں ان کو بجلی مل رہی ہے جبکہ حلال روزی کمانے والوں پر ظلم کے پہاڑ گرائے جارہے ہیںاس لئے کرپشن کرنے والے اہلکاروں کا فی الفور تبادلہ کیا جائے اور انہیں سزا دی جائے اور اگر واپڈا ہمیں بجلی نہیں دی سکتی تو پھر اپنے تار واپس لیں کیونکہ ملاکنڈ میں تین بجلی گھروں کے باوجود یہاں کے عوام اور کرش مشین مالکان کو بجلی کے لئے ستایا جارہا ہے۔

احتجاجی مظاہرہ کے بعد کرش مشین مالکان اور مزدوروں نے یونین کے صدر حاجی نثار محمداور حاجی اعظم خان جھاڑے کی قیادت میں ایکسئین واپڈا درگئی جاوید اقبال سے ان کے دفتر میں ملاقا ت کی اور انہیں کرش مشین مالکان کوطویل لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔اس موقع پر یونین کے صدر حاجی نثار محمد نے ایکسئین واپڈ کو بتایا کہ لوڈشیڈنگ کیساتھ سا تھ واپڈا کے اہلکار آڈے (لنک) بھی گراکر غیر قانونی طو ر پر بجلی بند کر دیتے ہیں ۔ ہم نے ملاکنڈ میں کرش مشین لگا کر کوئی گناہ نہیں کیا ۔ اس موقع پر ایکسئین درگئی جاوید اقبال نے یقین دلایا کہ کرش مشین مالکان اور عوام کا مسائل حل کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کرینگے ۔

متعلقہ عنوان :

بٹ خیلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں