متوقع بارشوں کے باعث محکمہ مال سمیت متعلقہ محکموں کے افسران و عملہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت

ہفتہ 7 مارچ 2020 10:15

متوقع بارشوں کے باعث محکمہ مال سمیت متعلقہ محکموں کے افسران و عملہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت
بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2020ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام الطاف حسین کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نے متوقع بارشوں اور طوفانی ہوائوں کی پیشن گوئی کے باعث محکمہ مال سمیت متعلقہ محکموں کے افسران و عملہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ محکمہ صحت، محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور میونسپل سروسز کے تمام افسران و اہلکاروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اس حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر طیب حیات نے ہدایت کی کہ تمام مشینری سمیت عملہ کو فعال حالت میں رکھا جائے اور بارش کے دوران یا بعد کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری کام شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی بھی ممکنہ دشواری سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی شکایت کیلئے شہری اپنی شکایات 0997310391 یا 0992-310136 پر بھی درج کرائیں۔

(جاری ہے)

محکمہ میونسپل سروسز کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں پر سٹاف متعین کیا جائے اور جہاں جہاں مین نالیاں ہیں ان پر مسلسل نظر رکھی جائے تاکہ برساتی نالوں کے اوور فلو ہونے سے اطراف کی دکانوں کو محفوظ رکھا جا سکے، تمام نالوں میں نکاسی آب کا نظام بلارکاوٹ جاری رہنا چاہئے اور جہاں جہاں شکایات موصول ہوں وہاں فوری طور پر عملہ اور مشینری بھجوا کر نکاسی آب کی لائنوں کو کلیئر کرایا جائے۔

ان علاقوں پر ترجیحی توجہ دی جائے جہاں ماضی میں برساتی پانی جمع رہنے کی شکایات موصول ہوتی رہی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شہریوں کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ برساتی نالو ں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور ان کے اوپر قائم کی گئیں تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کر دیں، محکمہ مال کے تمام اہلکار اور افسران چوکس حالت میں رہیں اور شہر کے کسی بھی علاقہ سے ملنے والی شکایات پر فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں