ناظم بٹگرام نیاز محمد خان ترند نے سلاٹر ہائوس کا افتتاح کر دیا

جمعہ 24 مئی 2019 12:37

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) بٹگرام میں 52 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سلاٹر ہائوس کا افتتاح کر دیا گیا۔ ناظم بٹگرام نیاز محمد خان ترند نے جانوروں کے مذبحہ خانہ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ممبر تحصیل کونسل شاہ حسین خان اجمیرہ، نائب ناظم حضرت یوسف، ماما گل خان، ٹی ایم اے سٹاف اور دیگر شریک ہوئے۔

اس موقع پر ناظم نیاز محمد خان ترند نے باقاعدہ طور پر سلاٹر ہائوس کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیاز محمد خان ترند نے کہا کہ بٹگرام میں سلاٹر ہائوس کا قیام انتہائی لازمی تھا، بار بار عوام اور دانشور حلقوں کی جانب سے شکایات سامنے آ رہی تھی کہ جانوروں کیلئے باقاعدہ سلاٹر ہائوس نہ ہونے کی وجہ سے بازاروں میں ناقص گوشت فروخت ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے بھی اس معاملہ میں خصوصی دلچسپی لی اور اپنے فنڈ سے مذکورہ منصوبہ کیلئے رقم مختص کی، آج الحمد الله یہ منصوبہ مکمل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بعد بٹگرام کے جملہ جانور اسی جگہ پر ذبح کئے جائیں گے، ٹی ایم اے اور دیگر سٹاف باقاعدہ طور پر جانوروں کو ذبح ہونے سے قبل اس کا معائنہ کریں گے، مذکورہ جانور بیمار یا لاغر تو نہیں، چیک اپ کے بعد ذبح ہونے والے جانور کے گوشت پر باقاعدہ مہر لگائی جائے گی۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں