بٹگرام میں اقلیتی برادری کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد، گوردوارے کی چاردیواری اور پانی کی فراہمی کا مطالبہ

جمعہ 24 جنوری 2020 12:58

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) ضلع بٹگرام میں اقلیتی برادری کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ہندو، سکھ اور مسیحی برادری کے مرد و خواتین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر بٹگرام سید فرل ثقلین نے کھلی کچہری میں اقلیتی برادری کے مسائل سنے، بٹگرام گوردوارے کے لئے چاردیوای کی تعمیر اور پانی کی جلد فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی۔

شمشان گھاٹ بنانے کے لئے محکمہ اوقاف اور کمیونٹی سنٹر بنانے کے لئے صوبائی حکومت کو جلد مراسلہ بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر بٹگرام سید فرل ثقلین نے اقلیتی برادری کے لئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، کھلی کچہری میں ہندو، سکھ اور مسیحی برادری کے بچوں سمیت مرد و خواتین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے معروف معالج ڈاکٹر حکیم اوم پرکاش نے ڈپٹی کمشنر بٹگرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں یقین ہو گیا ہے کہ ہم بھی اس معاشرہ میں حیثیت رکھنے والے ہیں، اس لئے آج کوئی ہمارے مسائل سننے کیلئے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں درپیش مسائل تو کافی ہیں لیکن جو عزت آج ہمیں ملی ہے اس کے بعد ایسا لگ رہا ہے کہ ہمیں کوئی مسئلہ درپیش ہی نہیں۔ اقلیتی برادری کے سابق ڈسٹرکٹ ممبر ڈاکٹر بل رام وجے کا کہنا تھا کہ بٹگرام کے لوگ اقلیتوں کے ساتھ اچھا رویہ رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر سندیپ کمار نے کہا کہ بٹگرام کے تعلیمی اداروں میں ہمارے بچوں کو اسلامیات پڑھانے والے ٹیچرز کا رویہ سنجیدہ نہیں ہوتا، وہ ہمارے بچوں کے ساتھ مذاق کرتا ہے جس پر ہمارے بچے ذہنی دبائو کا شکار رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں