ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی الائی میں کھلی کچہری کے دوران عوام نے شکایت کے انبار لگا دیئے

اہلیان علاقہ واپڈا، صحت، تعلیم، سی اینڈ ڈبلیو، تحفظ اراضیات، حاشر تنظیم اور دیگر کے خلاف پھٹ پڑے

بدھ 19 ستمبر 2018 11:35

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر بٹگرام کی الائی میں کھلی کچہری کے دوران عوام نے شکایت کے انبار لگا دیئے۔ کھلی کچہری میں عوام نے واپڈا، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، سی اینڈ ڈبلیو، تحفظ اراضیات، حاشر تنظیم اور دیگر کے خلاف پھٹ پڑے۔ واپڈا کا غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، اورربلنگ واپڈا کا الائی میں آفس کا نہ ہونا، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رباط میں فوری سٹاف کی تعیناتی، ہسپتال میں سہولیات کا فقدان، الائی کے مین بڑی سڑک تھاکوٹ الائی سمیت دیگر رابطہ سڑکوں کی ابتر صورتحال، کلوژر کے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر مسائل زیر بحث آئے۔

اس موقع پر تحصیل ناظم گوہر علی خان، سابق رکن صوبائی اسمبلی شاہ حسین خان، ڈی ایف او بٹگرام فرہاد علی، اسسٹنٹ کمشنر الائی عامر حسین، ڈی ای او تعلیم محمد شوکت خان، ایس ایچ او وارث خان، ڈاکٹر سربلند سمیت دیگر محکموں کے افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

کھلی کچہری میں اے این پی کے رہنما اور سابق اُمیدوار صوبائی اسمبلی محمد ارشد خان نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول رباط کے حوالہ سے بتایا کہ پوری تحصیل الائی میں یہی ایک گرلز ہائی سکول ہے جو بند پڑا ہے، ہماری بچیاں پرائمری اور مڈل کے بعد تعلیم کو خیرباد کہہ دیتی ہیں، فوری طور پر سکول کو فنکشنل کر کے وہاں سٹاف تعینات کیا جائے۔

انہوں نے ہسپتال میں سہولیات کے فقدان کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال کے وارڈز میں بسترے نہیں ہے جبکہ ڈاکٹروں کی بھی کمی ہے۔ محمد قریش صدر بنہ بازار نے بتایا کہ بنہ ہسپتال میں لیبارٹری میں ٹیسٹ کی سہولت میسر نہیں ہے، ڈاکٹرز جو ٹیسٹ لکھتے ہیں انہیں کرانے کیلئے باہر پرائیویٹ لیبارٹریوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے الائی میں واپڈا دفتر کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ الائی میں پن بجلی گھروں کی تعمیر صوبائی حکومت کا کارنامہ ہے لیکن حاشر تنظیم نے اس سہولت کو عوام کیلئے عذاب بنایا ہے۔ عبد البصیر شاہ نے الائی میں صحت انصاف کارڈ کی سہولت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کیلئے بٹگرام یا ایبٹ آباد جاتے ہیں، الائی میں ہی کسی ہسپتال سے بات کر کے یہ سہولت یہاں ہی مہیا کی جائے۔

صاحبزادہ کسئی نے بتایا کہ الیکشن سے قبل کرگ بنہ سڑک پر کام شروع کیا گیا تھا جو الیکشن کے بعد روک دیا گیا ہے، لوگوں کو سخت تکلیف ہے، فوری کام دوبارہ شروع کیا جائے۔ عابد الرحمن ویلج کونسل ناظم راشنگ نے کہا کہ محکمہ جنگلات نے کلوژروں پر چوکیدار تعینات کئے ہوئے تھے لیکن عرصہ داراز سے ان ملازمین کو تنخواہیں نہیں ملتی ہیں، فوری تنخواہیں دی جائیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام راجہ فضل خالق نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ کے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں