ڈی پی او بٹگرام کی جانب سے عوام کو فوری اور بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے تھانہ کوزہ بانڈہ میں کھلی کچہری کا انعقاد

جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے، پولیس فورس کے خلاف شکایات کیلئے ان کا آفس 24 گھنٹے کھلا ہو گا، عبدالرئوف بابر قیصرانی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 23:50

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) آئی جی پولیس خیبر پختونخوا کی ہدایت پر ڈی پی او بٹگرام عبدالرئوف بابر قیصرانی کی جانب سے عوام کو فوری اور بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے تھانہ کوزہ بانڈہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ کھلی کچہری میں تاجر برادری، علماء کرام، سیاسی نمائندگان، علاقہ مشران، ڈی آر سی اور پبلک لیزان کمیٹی کے ممبران اور الیکٹرانک، پرنٹ و سوشل میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے ڈی پی او بٹگرام عبدالرئوف بابر قیصرانی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج بٹگرام ایک ایماندار اور فرض شناس آفیسر کی نگرانی میں ہے اور یہ روز بروز امن کا گہوارہ بنتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

دوران کھلی کچہری معززین علاقہ نے مختلف مطالبات اورتجاویز پیش کیں۔ ڈی پی او بٹگرام عبدالرؤف بابر قیصرانی نے تمام مسائل سننے کے بعد عوام کو ان مسائل کے بروقت حل کی یقین دہانی کروائی۔

اس موقع پر ڈی پی بٹگرام نے عوام کی شکایات اور مسئلہ کے فوری ازالہ کیلئے پولیس ہیڈ کوارٹرز بٹگرام میں قائم پولیس ایکسس سروس) ڈیٹا بیس کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عوام اپنے ساتھ کسی بھی قسم کے مسئلہ، مسائل، اہم سماجی و قومی مفاد عامہ سے متعلق انفارمیشن موبائل نمبر 0346-1119650 ڈی آئی جی ہزارہ اور ڈی پی او بٹگرام کے موبائل نمبر 0348-3330155 پر بذریعہ ایس ایم ایس رابطہ کر سکتے ہیں، آپ کے ایس ایم ایس کے موصول ہوتے ہی24 گھنٹوں کے اندر آپ کی تحریر پر فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

ڈی پی او بٹگرام نے کہا کہ ہم نے بٹگرام میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے، پولیس فورس کے خلاف شکایات کیلئے ڈی پی او آفس آپ کیلئے 24 گھنٹے کھلا رہے گا اور آپ آزادانہ طور پر اپنی شکایات اعلیٰ افسران تک پہنچا سکتے ہیں جس کا بروقت ازالہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر عوام سے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی بھی اپیل کی۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں