اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام کی کارروائی، مضر صحت اور مردار مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑ لی

پیر 21 جنوری 2019 14:58

بٹگرام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام اور لاء این فورسمنٹ آفیسر نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مضر صحت اور مردار مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑ لی۔ تفصیلات کے مطابق مخبر کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام عمران خان جدون اور محکمہ ٹی ایم اے کے لاء ان فورسمنٹ آفیسر دوستی رحمن نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بٹگرام مین بازار کی حدود میں مردار اور مضر صحت مرغیوں سے بھری گاڑی پکڑ لی۔

دوران تفتیش گاڑی ڈرائیور نے مرغیوں سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ ہم گذشتہ کافی عرصہ سے چھٹی والے دن بٹگرام میں مرغیوں کے مختلف اعضاء سپلائی کرتے رہے ہیں، مرغیوں کی بڑی گاڑی لاہور سے آتی ہے اور ہم پھر چھوٹی گاڑیوں میں مرغیوں کے اعضاء بٹگرام سمیت دیگر علاقوں میں سپلائی کرتے ہیں، صرف ہفتہ اور اتوار کو ہماری سپلائی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

پکڑی جانی والی مرغیوں کے اعضاء حلال ہے یاحرام ہیں اس بارے میں انہیں معلوم نہیں، ان کی ٹیکسی گاڑی ہے، وہ اپنی مزدوری کرتا ہے۔ ڈرائیور کی نشاندہی پر اسسٹنٹ کمشنر عمران خان جدون اور لا این فورسمنٹ آفیسر دوستی رحمن نے مرغیوں کے گودام کو سیل کر کے مرغیوں کے نمونے لیباٹری میں ٹیسٹ کیلئے بھجوا دیئے ہیں۔ ملٹی نیشنل چکن کمپنی کے ڈاکٹر سہیل احمد نے میڈیا کو بتایا کہ جعل سازی کے مرتکب ملزمان نے اپنے دھندے کو قانونی جواز دینے کی غرض سے ملٹی نیشنل چکن کمپنی کی پیکنگ میں مرغیوں کے مختلف اعضاء بڑی مہارت سے پیک کرتے ہیں ہیں تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت عوام کو دھوکہ دے سکیں لیکن آخر کار یہ لوگ قانون کی گرفت میں آ ہی گئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر عمران خان جدون کے مطابق مضر صحت مرغیوں کا لیباٹری رزلٹ آنے کے بعد مکروہ دھندہ کرنے والے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انسانی زندگیوں سے کھیلواڑ کرنے والا گروہ کتنا ہی مضبوط کیوں نہ ہو ان کو عبرت کا نشان بنا دیں گے، ہمیں مقامی لوگوں سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ مردار اور مضر صحت مرغیوں کے دھندے میں مختلف ہوٹل مالکان سمیت بار بی کیو والے بھی ملوث ہیں۔

بٹگرام میں شائع ہونے والی مزید خبریں