بٹگرام میں جشن بہاراں کا ثقافتی میلہ اختتام پذیر ہو گیا، مقامی لوگوں کی بڑی تعداد رنگا رنگ تقریبات سے خوب محظوظ ہوئی

پیر اپریل 23:55

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2019ء) بٹگرام میں جشن بہاراں کا دو روزہ ثقافتی میلہ اختتام پذیر ہو گیا۔ علاقائی ثقافت کو اجاگر کرنے اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرانے کی غرض سے صوبائی حکومت کی احکامات پر بٹگرام میں ثقافتی میلہ ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام منعقد کیا گیا۔ میلہ میں علاقائی ثقافت، رسم رواج، علاقائی کھیلوں کے مقابلے، ملی نغمے، ٹیبلو شوز، رسہ کشی، نیزہ بازی، تیر اندازی، علاقائی موسیقی سمیت مشاعرے پیش کئے گئے جس کو عوامی سطح پر خوب سراہا گیا۔

جشن بہاراں کی دو روززہ ثقافتی میلہ میں مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور رنگا رنگ تقریبات سے خوب محظوظ ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے احکامات پر بٹگرام کی ضلعی انتظامیہ نے جشن بہاراں کے سلسلہ میں دو روزہ ثقافتی میلہ کا انعقاد کیا جس کا بنیادی مقصد علاقائی ثقافت کی تشہیر سمیت مقامی نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا۔

(جاری ہے)

ثقافتی میلہ کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، مشکوک افراد پر کھڑی نظر رکھنے کیلئے پولیس کے دستے جگہ جگہ پر تعینات رہیں۔ جشن بہاراں ثقافتی میلہ دو دنوں تک جاری رہا جس میں علاقائی ثقافت اور رسم و رواج، قدیم علاقائی کھیل نیزہ بازی، تیر اندازی کے مقابلہ، جمناسٹک، سکائوٹ سلامی، تقاریری مقابلے، علاقائی موسیقی، مشاعرے، مختلف سکولوں کے بچے اور بچیوں میں غیر نصابی مقابلوں سمیت ضلع کونسل ممبران اور تحصیل کونسل ممبران کے مابین رسہ کشی کے مقابلے منعقد کئے گئے جس سے شرکاء خوب محظوظ ہوئے۔

ثقافتی میلہ کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ ناظم عطاء الرحمن خان ترند، ڈپٹی کمشنر ارشد قیوم برکی، تاج محمد خان ترند ایم پی اے، ڈی پی او عبدالرئوف بابر قیصرانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر الطاف حسین، تحصیل ناظم نیاز محمد خان ترند، ڈی او سپورٹس اینڈ کلچر ظاہر خان نے ثقافتی میلہ میں حسن کارکردگی کے حامل افراد میں شیلڈ اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ واضح رہے کہ حکومتی سطح پر ضلع بٹگرام کے اندر یہ پہلا ثقافتی میلہ تھا جن کو مقامی لوگوں نے خوب سراہتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔

ثقافتی میلہ کے اختتام پر ڈسٹرکٹ ناظم عطاء الرحمن خان ترند اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر الطاف حسین نے کامیاب میلہ منعقد کرنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں بھی ثقافتی میلوں کے انعقاد کا عزم ظاہر کیا۔

بٹگرام شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments