مسلم لیگ (ن) نے نعروں کی بجائے عوام کی خدمت کی ہے، پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر عوام جولائی 2018ء میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے، آئندہ انتخابات میں لعنت بھیجنے والوں اور خدمت کرنے والوں کے درمیان مقابلہ ہو گا باشعور عوام خدمت کرنے والوں کا انتخاب کریں گے، جس میں ہمت ہے وہ صوبائی اسمبلیاں توڑے، عوام اس کا حساب ان سے آئندہ انتخابات میں لیں گے، صحت کارڈ نواز شریف کی سوچ تھی، سات ارب روپے کی لاگت سے کلور کوٹ پل 18 ماہ میں مکمل ہو گا ، شاہد خاقان عباسی

وزیراعظم کا این اے 73 میں بجلی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لئے ایک ارب روپے، بھکر میں یونیورسٹی کے قیام، دریا خان اور کلور کوٹ تحصیلوں کو گیس کی فراہمی کا اعلان وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کاہفتہ کو بھکر میں صحت کارڈ کے اجراء کے بعد بڑے عوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 20 جنوری 2018 16:20

بھکر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے نعروں کی بجائے عوام کی خدمت کی ہے، پانچ سالہ کارکردگی کی بنیاد پر عوام جولائی 2018ء میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں گے، آئندہ انتخابات میں لعنت بھیجنے والوں اور خدمت کرنے والوں کے درمیان مقابلہ ہو گا اور عوام باشعور ہیں، وہ خدمت کرنے والوں کا انتخاب کریں گے، جس میں ہمت ہے وہ صوبائی اسمبلیاں توڑے، عوام اس کا حساب ان سے آئندہ انتخابات میں لیں گے، صحت کارڈ نواز شریف کی سوچ تھی، سات ارب روپے کی لاگت سے کلور کوٹ پل 18 ماہ میں مکمل ہو گا جبکہ انہوں نے این اے 73 میں بجلی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لئے ایک ارب روپے، بھکر میں یونیورسٹی کے قیام، دریا خان اور کلور کوٹ تحصیلوں کو گیس کی فراہمی کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو بھکر میں صحت کارڈ کے اجراء کے بعد بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج بہت خوشی ہے کہ آپ کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوا، مجھے نواز شریف کی خصوصی ہدایت تھی کہ 20 سال سے جو وعدہ پورا کرنے کا موقع نہیں ملایہ وعدہ مکمل کرنے پر انہیں مبارکباد دوں، 7 ارب روپے کی لاگت سے پل کا یہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا اور گھنٹوں کی مسافت منٹوں میں طے ہو گی، یہ دو صوبوں کو ملانے والا پل ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ صوبوں کو ملانے کی بات کی، تفریق کی نہیں، اس سے پہلے کی حکومتیں اور آمریتیں بھی یہ پل بنا سکتی تھیں تاہم یہ مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے حصے میں آیا کہ ملک میں ترقی کے منصوبے دیں، ملک کو آگے لے کر چلیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 65 سال میں 580 کلومیٹر موٹروے بنی اور وہ بھی (ن) لیگ نے بنائی، ان پانچ سالوں میں 1700 کلومیٹر موٹروے، پانچ ہزار کلومیٹر سڑکیں بن رہی ہیں، جس قصبے میں جائیں صوبائی حکومت کے کام ملیں گے، اس حکومت نے پانچ سالوں میں ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قلت دور کی جا رہی ہے، جن شہروں میں گیس نہیں تھی وہاں گیس دی جا رہی ہے ، کلور کوٹ میں گیس کا کام الیکشن سے قبل شروع ہو جائے گا، دریا خان میں بھی شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہی وسائل پہلے بھی تھے تاہم نیت نہیں تھی، بجلی کے منصوبے، سی پیک کیوں نہیں آئے، انتشار کے باوجود ہم کام کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے، ہم نے کام جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ جتنے کام (ن) لیگ نے اس دور میں کئے، 65 سال میں نہیں ہوئے، کام صرف باتوں سے نہیں ہوتا، صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہیلتھ سکیم شروع کی گئی، یہ نواز شریف کی ذاتی سوچ تھی کہ غریب آدمی کو صحت کی وہی سہولیات دیں جو امیر کو میسر ہیں، یہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، آج 15 لاکھ گھرانے صحت کی اس سکیم سے مستفید ہو رہے ہیں، اس پروگرام پرسائرہ افضل تارڑ اور سلمان رفیق کو مبارکباد دیتا ہوں، یہ سکیم 26 اضلاع میں ہے، اس کو مزید وسعت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا وعدہ تھا اس کی تکمیل ہو رہی ہے، ہماری مخالف جماعتوں کے پاس بھی حکومتیں تھیں، انہوں نے وعدے کئے کہ شروع کریں گے تاہم نہیں کر سکے، انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات پر عوام کو کوئی شرمندگی نہیں، (ن) لیگ نے نواز شریف کے کام کر دکھائے، ثابت کیا ہم نعروں والے نہیں، عمل کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا، بی آئی ایس پی کے مشکور ہیں جنہوں نے صحت کارڈ کے اجراء میں تعاون کیا، یہ صحت کارڈ غریب کی زندگی میں انقلاب لائے گا۔

اس کو مزید غربت سے بچائے گا۔ اس پروگرام کو مزید آگے بڑھانے کا عہد کئے ہوئے ہیں، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور فاٹا میں یہ پروگرام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلور کوٹ کے پل کا نام ظفر اللہ خان پل ہو گا۔ کلور کوٹ میں یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے حلقہ میں تین سڑکیں بنانے کابھی اعلان کیا۔ انہوں نے این اے 73 میں بجلی اور سڑکوں کی سکیموں کے لئے ایک ارب روپے کا اعلان کیا، یہ صرف اعلان نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) نے کبھی جھوٹے وعدے اور نعرے نہیں دیئے، عملی کام کر کے دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء کی طرح جولائی 2018ء میں بھی فیصلے کا وقت ہے، پاکستان کی عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اگلے پانچ سال کا بھی فیصلہ کر دیا ہے، دو تین دن پہلے مال روڈ لاہور پر جلسہ میں تقریریں کرنے والے زیادہ اور سننے والے کم تھے، ان کی یہی سیاست رہ گئی ہے، ان کے نام لے کر وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا، اس جلسے کے مقررین نے آئین کا تحفظ کرنے والی ملکی مسائل کا حل کرنے والی پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی، یہ سیاست میں پہلی مثال ہے کہ جو لوگ اقتدار کی سیاست کر رہے ہیں، اس ادارہ پر لعنت بھیجتے ہیں، یہ سیاست ہماری سمجھ میں نہیں آئی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی سیاست شرافت، خدمت، پاکستان کی ترقی کی سیاست ہے، ہماری سیاست لعنت بھیجنے والی سیاست نہیں ہے، مسلم لیگ کا پیغام محبت کا پیغام ہے جبکہ مخالفین کا پیغام لعنت کا ہے، عوام نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں محبت کا پیغام چاہئے یا لعنت کا پیغام۔ وزیراعظم نے کہا کہ جولائی میں فیصلہ ہونا ہے اور جولائی زیادہ دور نہیں ہے، کوئی ذی شعور انہیں ووٹ نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ سینٹ الیکشن نہیں ہونے دیں گے اور صوبائی اسمبلیاں توڑ دیں گے جس میں ہمت ہے تو اسمبلیاں توڑے، اس کا جواب عوام اسے جولائی میں دے دیں گے، عوام جھوٹ، نفرت اور لعنت کی سیاست دفن کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مال روڈ پر سرکس لگانے والے اسمبلیاں توڑنے کی ہمت کریں، عوام نے ووٹ مسائل کے حل کے لئے دیئے، اسمبلیاں توڑنے کے لئے نہیں دیئے۔

انہوں نے کہا کہ میرا آپ سے وعدہ ہے، مقررہ مدت تک (ن) لیگ کی حکومت رہے گی اور آپ کی خدمت کرتی رہے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ کھوکھلی باتیں وہ لوگ کر رہے ہیں جو اسمبلی نہیں آتے، وہ انتشار چاہتے ہیں، ترقی مخالف ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو پچھلے پانچ سال عوام کو دھوکہ دیتے رہے۔ انہوں نے شرکاء سے ہاتھ اٹھا کر (ن) لیگ کو ووٹ دینے کا وعدہ لیا۔ لعنت بھیجنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں، عدم اعتماد کی تحریک قومی اسمبلی میں لے آئیں۔

اس موقع پر سینیٹر ظفر اللہ ڈھانڈلہ، اراکین قومی اسمبلی، عبدالمجید خان خانان خیل، ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ، ملک ابرار، وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، اراکین صوبائی اسمبلی انعام اللہ خان نیازی، امیر محمد خان، غضنفر عباس چیمہ، امیر عنایت شاہانی، سمیت مسلم لیگی رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر مستحق افراد میں صحت کارڈ بھی تقسیم کئے اور بھکر میں پروگرام کا باقاعدہ اجراء کیا۔

بھکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں